• news

حکومت نے موثر انتخابی اصلاحات کیلئے حتمی تیاریاں شروع کردیں، پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل طلب

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کی روشنی میں جامع اور موثر انتخابی اصلاحات کے لئے حتمی تیاریاں شروع کر دیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منگل 28 جولائی کو طلب کر لیا۔ الیکشن کمشن کے ارکان کے مستعفی ہونے کے عمران خان کے مطالبے پر بھی غور کئے جانے کا امکان ہے۔ انتخابی اصلاحات میں دھاندلی کو روکنے کے لئے موثر ترین اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کے بعد تحریک انصاف کے غیر حاضر ارکان کے خلاف رائے شماری میں حصہ لینے یا نہ لینے کے معاملے پر گومگو کی کیفیت کا شکار ہو گئی۔ زیادہ تر ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہ لینے کا مطالبہ کر دیا جبکہ جے یو آئی (ف) اور ایم کیو ایم ارکان نے اس معاملے میں بھرپور مہم شروع کر رکھی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے خلاف مسلم لیگ ن پیپلزپارٹی والی حکمت عملی اختیار کرنے کا سوچ رہی ہے اور کسی بھی قسم کی کارروائی کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کئے جانے کا قوی امکان ہے کیونکہ مسلم لیگی ارکان اسمبلی اور سپیکر بھی اس رائے شماری میں حصہ لینے کے مخالف ہیں۔ مسلم لیگ ن اس حوالے سے آج صبح تک فیصلے کرے گی کہ آیا رائے شماری میں حصہ لینا ہے یا نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن