امام صحافت مجید نظامی کی پہلی برسی: ایوان کارکنان تحریک پاکستان، نوائے وقت آفس کی مسجد میں قرآن خوانی
لاہور (خبرنگار/ خصوصی نامہ نگار) تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن، امام صحافت، سابق چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ، معمار نوائے وقت گروپ ڈاکٹر مجید نظامی کی پہلی برسی کے موقع پر ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں قرآن خوانی کی محفل ہوئی جس کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ محفل قرآن خوانی میں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف، تحریک پاکستان کے کارکن جسٹس (ر) آفتاب فرخ، ڈپٹی ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت سعید آسی، سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید، قیوم نظامی، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، حافظ مرغوب احمد ہمدانی، بیگم صفیہ اسحاق، خورشید احمد وائیں، صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن ادیب جاودانی، مجید نظامی کے دیرینہ خدمتگار محمد منیر، بیگم حامد رانا، الحاج اختر حسین قریشی، کشمیری رہنمائوں مولانا محمد شفیع جوش، فاروق خان آزاد، مفتی سید مصطفی رضوی، سید شاہد حسین گردیزی، پروفیسر غلام سرور رانا، میاں ابراہیم طاہر، سعیدہ قاضی، محمد یٰسین وٹو، نواب برکات محمود، شہزاد خان، ملک محمد یٰسین، پروفیسر مظہر عالم، نائلہ عمر، ڈاکٹر غلام فرید، نوازش علی بٹ، کارکنان تحریک پاکستان، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ وتحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداروں و کارکنوں سمیت ڈاکٹر مجید نظامی سے عقیدت رکھنے والے خواتین و حضرات کثیر تعداد میں موجود تھے۔ محفل کے دوران الحاج اختر حسین قریشی نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیۂ عقیدت جبکہ الحاج حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے عارفانہ کلام پیش کیا۔ مولانا محمد شفیع جوش نے ختم پڑھا اور ڈاکٹر مجید نظامیؒ کے ایصال ثواب کیلئے دعا کروائی۔ آخر میں حاضرین میں لنگر تقسیم کیا گیا۔ قبل ازیں آبروئے صحافت و سابق چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ ڈاکٹر مجید نظامی کی پہلی برسی کے موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ وتحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداروں وکارکنان نے تحریک پاکستان کے کارکنوں کے ساتھ میانی صاحب قبرستان میں ان کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے مزار پر پھول چڑھائے۔ ڈاکٹر مجید نظامی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی نمائندگی مشیر وزیراعلیٰ پنجاب زعیم حسین قادری و پریس سیکرٹری وزیر اعلیٰ پنجاب شعیب بن عزیزنے کی۔ اس موقع پرتحریک پاکستان کے کارکن و نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف، تحریک پاکستان کے کارکن جسٹس (ر) آفتاب فرخ، ڈپٹی ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت سعید آسی، خانوادۂ حضرت سلطان باہو صاحبزادہ سلطان احمد علی، صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن ادیب جاودانی، سیکرٹری فرزندان پاکستان خالد اللہ خان، کشمیری رہنمائوں مولانا محمد شفیع جوش، مرزا محمد صادق جرال، مفتی سید مصطفی رضوی، سید شاہد حسین گردیزی، سعیدہ قاضی، محمد یٰسین وٹو، نواب برکات محمود، ملک محمد یٰسین، پروفیسر مظہر عالم، بلال بٹ، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید سمیت ڈاکٹر مجید نظامی سے اظہار عقیدت کیلئے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تحریک تکمیل پاکستان، فرزندان پاکستان، بزم اقبال، تنظیم العارفین حضرت سلطان باہو اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے عہدیداران نے بھی مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے ڈاکٹر مجید نظامی کی روح کے ایصال ثواب اور بلندیٔ درجات کیلئے دعا کرائی۔ دریں اثناء نوائے وقت بلڈنگ کی مسجد میں ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور نماز عصر کے بعد خصوصی دعا کی گئی۔ خصوصی دعا کے نظامت کے فرائض نوائے وقت کے رپورٹر حافظ محمد عمران نے سرانجام دیئے جبکہ قاری محمد قاسم عالمانی نے خصوصی دعا کرائی جبکہ دی نیشن کے فیاض الدین نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ خصوصی دعا میں نوائے وقت گروپ کے فنانس، ایڈمن ، نیوزروم، اشتہارات، پریس، آئی ٹی، کمپیوٹر سیکشن سمیت مختلف شعبوں تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر فنانس نوائے وقت گروپ اعظم بدر، ایڈمن افسر وقت نیوز شفیق سلطان، ممبر ایڈیٹوریل فضل حسین اعوان، غلام نبی بٹ، جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات فاروق چوہان، جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فرحان شوکت، ایڈیٹر رپورٹنگ دی نیشن اشرف ممتاز، ڈپٹی چیف رپورٹر نوائے وقت سید شعیب الدین، ایڈمن اسسٹنٹ محمد انور، شعبہ اشتہارات کے محمد متین، شعبۂ رپورٹنگ سے عدنان فاروق، ندیم بسرا، اشرف چودھری و محمد منیر، مرزا ظفر بیگ، اسلم شفیع اور دیگر نے شرکت کی۔