مصباح الحق نے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو بھی خیرباد کہنے پر غور شروع کردیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) مصباح الحق نے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو بھی خیرباد کہنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں قومی کپتان نے رواں سال کے آخر میں بھارت کے خلاف متوقع سیریز کو اپنا ہدف بنا لیا ہے۔ واضح رہے مصباح الحق نے عالمی کپ 2015ء کے بعد ایک روزہ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا جبکہ سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کے دور میں انہیں ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت سے زبردستی ہٹا کر ان کی جگہ ایم حفیظ کو کپتان بنا دیا گیا تھا۔ مصباح الحق نے 52 ٹیسٹ میچوں میں 4000 جبکہ 162 ون ڈے مقابلوں میں 5122 رنز بنارکھے ہیں۔