کرنسی سمگلنگ کیس، ماڈل ایان کیخلاف آج فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان
اسلام آباد (آن لائن) کسٹم حکام ماڈل ایان کے 44 دوروں کے بارے میں تاحال کوئی تفصیلات تو حاصل نہ کر سکے تاہم ماڈل کی ضمانت ختم کرانے کیلئے درخواست ضرور تیار کر لی جو رواں ہفتے سپریم کورٹ میں دائر کر دی جائے گی جبکہ ایان علی کے خلاف کرنسی سمگلنگ کیس میں فرد جرم آج پیر کو راولپنڈی کی عدالت میں عائد کئے جانے کا امکان ہے۔ ماڈل نے اس مقدمے میں بذریعہ وکیل پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے، وہ خود حاضر نہیں ہونگی۔ علاوہ ازیں ماڈل ایان علی کرنسی سمگلنگ کیس میں عدالت میں پیشی کیلئے کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئی ہیں اور وکلاء سے کیس کے حوالے سے صلاح مشورے مکمل کر لئے ہیں۔ ماڈل ایان علی کے مقدمے کی سماعت آج پیر کے روز اپیل کسٹم جج کی عدالت میں کی جائے گی۔ ایان علی کو پانچ پانچ لاکھ کے دو مچلکوں پر لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے رہا کیا تھا، ماڈل کیخلاف ڈائریکٹر جنرل کسٹم اینٹلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کی طرف سے اڑھائی تین ماہ سے دائر شدہ اور زیر التواء چلی آنے والی درخواست پر سپیشل کسٹم جج فیصلہ دینگے۔ اس درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ماڈل ایان علی سے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ مجریہ 2010کی شقوں کے تحت تفتیش کی سپیشل کسٹم جج کو اجازت دی جائے تاکہ ضروری تفتیش کی جا سکے۔