تحریک انصاف کے ارکان ضمیر رکھتے ہیں تو ناک رگڑتے ہوئے اسمبلی میں جائیں: الطاف
لندن (اے این ا ین)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن کی رپورٹ آنے کے بعد عمران خان اور تحریک انصاف کے اراکین ناک رگڑتے ہوئے اسمبلی میں جائیں۔ لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا اسمبلیوں میں واپس آنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمشن کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے ارکان بھی اسمبلیوں میں آجائیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین اگر ضمیر رکھتے ہیں تو ناک رگڑتے ہوئے اسمبلیوں میں داخل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایساکرنے سے عمران خان اور پی ٹی آئی کے اراکین کی ناک زخمی ہو جائے تو ہم ان کا علاج کروائیں گے۔ الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے رہنما علی رضا عابدی کے کلفٹن میں واقع ریسٹورنٹ سے سامان لے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چھاپوں کی آڑ میں کراچی کے شہریوں کو تنگ کیا جا رہا ہے۔ الطاف حسین نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے واقعے کانوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔