• news

جوڈیشل کمشن رپورٹ، آپ کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، سراج الحق: دھرنے سے سیاسی شعور آیا: عمران

اسلام آباد (آن لائن) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے عمران خان کو ٹیلی فون کیا ہے اور جوڈیشل کمشن پر پی ٹی آئی کے مؤقف کی تائیدکی۔ دونوں رہنماؤں نے جوڈیشل کمشن کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان نے کہاکہ ہمارا مقصد لوگوں میں سیاسی شعور اُجاگرکرنا تھا، دھرنے سے سیاسی شعورکے بیدار ہونے میں خاصی مدد ملی ہے، دونوں رہنماؤں نے انتخابی اصلاحاتی کمیٹی میں بھرپور تعاون کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ جوڈیشل کمشن کی رپورٹ پر تحریک انصاف کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن کی رپورٹ سے انتخابی نظام میں بہت جلد مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، ہمارے موقف کے باعث قوم مستقبل میں بہتری دیکھے گی۔ جوڈیشل کمشن کی رپورٹ نئے پاکستان کی طرف پہلا قدم ثابت ہوگی۔ کمشن کی رپورٹ سے انتخابی نظام میں بہت جلد مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔ عمران خان نے کہا کہ وہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے کمشن کے سامنے پیش ہونے والی اپنی قانونی ٹیم اور ثبوت جمع کرنے والی کمیٹی کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ حفیظ پیرزادہ ان کے لئے انتہائی قابل عزت ہیں۔ انہوں نے انکوائری کمشن میں تحریک انصاف کا موقف بہترین اندازمیں پیش کیا، وہ اس وقت انتہائی علیل ہیں۔ قوم سے ان کی صحت یابی کی دعا کی اپیل کرتے ہیں۔ میری ٹیم اور اسحاق خاکوانی نے کیس لڑنے میں بہت محنت کی۔

ای پیپر-دی نیشن