اسلام آباد: مسلح افراد کی فائرنگ، امریکی سفارتخانے کا اہلکار جاں بحق: ٹارگٹ کلنگ لگتی ہے: پولیس
اسلام آباد (نیٹ نیوز+ اے ایف پی) اسلام آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے امریکی سفارت خانے کے ایک اہلکار کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ فائرنگ کا یہ واقعہ اسلام آباد کے سیکٹر جی 9 میں پیش آیا۔ ابتدائی طور پر ملنے والے شواہد کے مطابق یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ معلوم ہوتا ہے۔ اقبال بیگ امریکی سفارت خانے میں منشیات کے کنٹرول کے امریکی محکمے (ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن) کے لئے کام کرتے تھے۔ وہ یہاں 12 سے 13 سال سے کام کر رہے تھے۔ نامعلوم مسلح افراد نے اْن کے مکان کے مرکزی دروازے پر دستک دی، اقبال بیگ اپنے مکان میں موجود تھے، دستک سننے کے بعد جیسے ہی وہ باہر آئے ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں اقبال بیگ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ حملہ آور فائرنگ کرنے کے بعد جائے حادثہ سے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ابھی تک یہ بھی واضح نہیں کہ حملہ آور ایک تھا زیادہ۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے ورثا کے مطابق ان کی کسی سے خاندانی یا ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ امریکی سفارت خانے کی طرف سے اس واقعہ سے متعلق ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی جبکہ پولیس عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں ملزموں کا خاکہ تیار کرا رہی ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق اقبال بیگ کا تعلق اسماعیلی فرقہ سے تھا۔ سینئر پولیس اہلکار خالد محمود اعوان کے مطابق اقبال بیگ کے بھائی نے بتایا کہ انکے بھائی نے بتایا تھا کہ انہیں کافی عرصہ سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ آن لائن کے مطابق پولیس کا کہنا ہے اقبال بیگ امریکی سفارتخانے میں ملازم تھے۔ جی نائن کے علاقے میں اپنے بھائی کے ساتھ کھڑے تھے۔ مقتول کے بھائی نے بتایا کہ ملزموں نے شور مچا کر اقبال بیگ کو متوجہ کیا، پھر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں نے نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی۔ ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے۔ شواہد جمع کر کے نامعلوم مسلح افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔