قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہو گا پی ٹی آئی ارکان کی رکنیت منسوخ کرنے کی تحاریک پر رائے شماری کا امکان
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز سیشن ایک ماہ تین روز کے وقفے کے بعد آج شام 4 بجے سہ پہر شروع ہو گا جس میں ایم کیو ایم اور جمعیت علماء اسلام (ف)کی پی ٹی آئی ارکان کی رکنیت منسوخ کرنے کی تحاریک پر رائے شماری کرائے جانے کا امکان ہے۔ مذکورہ تحاریک میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان سمیت تحریک انصاف کے 28 ایم این ایز بغیر کسی اطلاع کے مسلسل چالیس روز سے زائد قومی اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضر رہے ہیں لہٰذا آئین کے آرٹیکل 64 کی شق نمبر2کے تحت ان کی رکنیت منسوخ کی جائے۔ پیپلز پارٹی کے ارکان کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں مذکورہ تحاریک کی مخالفت کئے جانے کا امکان ہے۔