• news

افتخار چودھری کا نئی سیاسی جماعت کیلئے ہوم ورک شروع‘ نام کے انتخاب پر مشاورت

اسلام آباد (آن لائن) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے نئی سیاسی جماعت بنانے کے لئے ہوم ورک شروع کر دیا ہے اس سلسلے میں پارٹی کے نام کے انتخاب پر ساتھیوں سے صلاح مشورے شروع کر دئیے ہیں۔ ڈیموکریٹک جسٹس پارٹی نام سمیت 31 ناموں پر غور کیا گیا۔ 7 ہزار افراد کو پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے باقاعدے دعوت نامے بھیجے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس نے جن لوگوں کو شمولیت کے لئے منتخب کیا ہے ان میں 250 سیاستدان، 1200 سینئر وکلائ، 80 بیوروکریٹس، 120 خواتین کے علاوہ 4 ہزار سے زائد نوجوانوں کو پارٹی میں شامل کئے جانے کے لئے فہرست مرتب کی گئی ہے جس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سابق چیف جسٹس اپنی پارٹی سیاسی جماعت کا اعلان 14 اگست کو کر سکتے ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس عدلیہ بحالی تحریک میں حصہ لینے والے دیرینہ ساتھیوں بیرسٹر اعتزاز احسن، حامد خان، منیر اے ملک، علی محمد کرد، قاضی انور، عاصمہ جہانگیر سمیت 39 ساتھیوں کو اپنے ہاتھوں سے لکھا خط بھیجیں گے اور انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دینگے۔ پارٹی کے نام کے اعلان سے پہلے وہ لاہور سمیت چاروں صوبوں کا مشاورتی دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق افتخار محد چودھری نے لاہور سمیت پنجاب اور ملک کے دیگر شہروں میں وکلا تحریک کے دوران احتجاج میں بھرپور ساتھ دینے والے وکلا اور دیگر افراد سے رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ افتخار محمد چودھری اپنی پارٹی کا نام فائنل کرنے اور عہدیداروں کے چناﺅ سے قبل لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں کا بھی مشاورتی دورہ کریں گے۔
افتخار چودھری

ای پیپر-دی نیشن