• news

گلی محلے سے قومی لیڈر پیدا کر کے لٹیروں کو ایوانوں سے نکالیں گے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ایڈمنسٹریٹرز مقرر کر کے بلدیاتی اداروں کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا۔ عوامی تحریک گلی محلے سے قومی لیڈرشپ پیدا کر کے لٹیروں کو ایوانوں سے نکالے گی۔ عوام کو بلدیاتی اداروں اور ووٹ کے آئینی استعمال کے حق سے محروم کرنے والے عوام اور جمہوریت کے دشمن ہیں۔ نام نہاد جمہوری جماعتوں نے عوام کو قومی وسائل اور ریاستی اختیارات کے استعمال میں حصہ دار نہیں بننے دیا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بلدیاتی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سینئر رہنماﺅں مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی، عامر فرید کوریجہ، شیخ زاہد فیاض، میجر (ر) محمد سعید، راجہ زاہد، عارف چودھری، حاجی فرخ، حفیظ اللہ جاوید، افضل گجر، حافظ غلام فرید، الطاف رندھاوا، عطیہ بنین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہا کہ لاہور کے عوام ماڈل ٹاﺅن کے قاتلوں کے امیدواروں کو مسترد کر دیں۔ عوامی تحریک غریب عوام، مزدور اور کسان کی جنگ لڑ رہی ہے۔ مسلم لیگ ن قبضہ مافیا، منی لانڈرز، مہنگائی مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کی محافظ جماعت ہے۔ انتخابی مہم کے دوران خواتین کو بتائیں کہ ن لیگ نے انکی نشستیں کم کردیں اور اقلیتوں کو بتائیں کہ ن لیگ نے ان سے براہ راست انتخاب کا حق چھین لیا۔ عوامی تحریک کے امیدوار بلدیاتی اداروں کے اختیارات اور اس کا آئینی وقار کو بحال کریں گے۔ پنجاب حکومت نے ایڈمنسٹریٹر مقرر کر کے بلدیاتی اداروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور گراس روٹ پر عوام کے مسائل میں کئی گنا اضافہ کر دیا۔ عوام بلدیاتی اداروں اور بلدیاتی نظام کے دشمنوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔
طاہر القادری

ای پیپر-دی نیشن