ملک میں بڑی منظم نظریاتی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد کرنا ہو گی: میاں مقصود
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ آج امت مسلمہ کے زوال کی اصل وجہ کردار کی کمزوری ہے۔ شباب ملی کے نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کے کلمہ کو بلند کرنے اور اللہ کے بندوں کی مدد کرنے والے ہوں۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انھوں نے شباب ملی لاہور کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں شباب ملی لاہو ر کے صدر محمود احمد، ضیغم بٹ، محمد انور گوندل، ذکر اللہ مجاہد اور عبدالعزیز عابد نے بھی شرکت کی۔ دریں اثناء انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں بڑی منظم پرامن نظریاتی سیاسی اور جمہوری جدوجہد کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انھوں نے جمعیت طلبہ ء سابقین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔