• news

لندن: تحریک انصاف کا پھر مظاہرہ، الطاف کیخلاف برطانوی وزیراعظم آفس میں یادداشت جمع

لندن +واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ خصوصی) فیصل واڈا کی قیادت میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے گزشتہ روز لندن میں ایم کیو ایم کے خلاف برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ 10 ڈاﺅننگ سٹریٹ پر مظاہرہ کیا گیا جس میں برطانیہ بھر سے پی ٹی آئی کے تین سے چار سو کارکنوں نے شرکت کی جنہوں نے پارٹی جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور ایم کیو ایم کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا نے ایم کیو ایم اور الطاف حسین کے خلاف برطانوی وزیراعظم کے دفتر میں یادداشت جمع کرائی۔ یادداشت میں برطانوی حکومت سے ایم کیو ایم اور الطاف حسین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ یادداشت کے متن میں کہا گیا کہ برطانیہ کی سرزمین سے پاکستان میں نفرت انگیز تقاریر کی جاتی ہیں جس پر کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا۔ برطانیہ کے تعاون سے کراچی میں امن ہوسکتا ہے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں عدم استحکام کی کوششوں کو روکنے میں ناکام رہا۔ برطانوی حکومت اس بارے میں ایکشن لے۔ لندن سے پاکستان میں ہونے والی ناانصافیوں پر برطانوی حکومت کی توجہ مبذول کرانا چاہتے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ برطانوی حکومت اپنے اتحادی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو۔ ادھر ایم کیو ایم نے بھی دو اگست کو 10 ڈاﺅننگ سٹریٹ پر عمران خان کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔ ذرائع ایم کیو ایم لندن کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا اصل چہرہ سامنے لائیں گے۔ تحریک انصاف طالبان اور دہشت گردوں کی حامی ہے۔ دریں اثناءایم کیو ایم کے کارکنوں نے کراچی آپریشن کیخلاف واشنگٹن میں وہائٹ ہاﺅس کے سامنے مظاہرہ کیا جس کی قیادت ایم کیو ایم امریکہ چیپٹر کے انچارج فیصل عثمان نے کی۔ انہوں نے ناجائز گرفتاریوں کیخلاف نعرے لگائے جبکہ نیویارک میں اقوام متحدہ دفتر کے سامنے بھی متحدہ کے کارکنوں نے احتجاج اورمظاہرہ کیا۔
تحریک انصاف/ مظاہرہ

ای پیپر-دی نیشن