کرنسی سمگلنگ کیس : ماڈل ایان پر پھر فرد جرم عائد نہ ہو سکی‘ سماعت اکیس اگست تک ملتوی
راولپنڈی (صباح نیوز) کرنسی سمگلنگ کیس میںماڈل ایان علی کے خلاف پیر کوبھی فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔بینکنگ کورٹ کے جج صابر سلطان نے بطور ڈیوٹی جج فرد جرم کی کارروائی کیلئے سماعت 21 اگست تک ملتوی کر دی۔کرنسی سمگلنگ کیس میں نامزد ماڈل ایان علی چارمحافظوں کے حصار میں راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں پیش ہوئیں مگر جج رانا آفتاب کے چھٹی پر ہونے کے باعث ملزمہ کو ڈیوٹی جج صابر حسین کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ کسٹم عدالت کے جج کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے ایان علی کے خلاف فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔ عدالت نے ملزمہ کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لئے کیس کی سماعت21اگست تک ملتوی کردی ہے۔آئندہ تاریخ پر منی لانڈرنگ کا کیس درج کرنے سے متعلق کسٹم کی درخواست پر بھی سماعت کی جائے گی ۔ پیشی کے بعد ماڈل گرل ذاتی محافظوں اور وکلا کے حصار میں واپس روانہ ہو گئیں۔واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو رواں برس مارچ میں کرنسی سمگلنگ کے الزام میں اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے 4 سماعتیں کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے ملتوی ہو چکی ہیں۔
ماڈل ایان