• news

حکومت کیساتھ مذاکرات ناکام‘ تاجروں کا ایک گروپ یکم دوسرا پانچ اگست کو ہڑتال کریگا

اسلام آباد + لاہور (نوائے وقت رپورٹ + کامرس رپورٹر + اپنے نامہ نگار سے + ایجنسیاں) تاجروں کے حکومت کے ساتھ بنکوں سے لین دین پر ود ہولڈنگ 0.3 فیصد ٹیکس پر مذاکرات ناکام ہو گئے اور تاجروں کے ایک گروپ نے یکم اگست اور دوسرے نے 5 اگست کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ روز فیڈرل بورڈ ریونیو میں حکومت اور تاجروں کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ تاجروں کا مطالبہ تھا کہ حکومت بنکوں سے لین دین پر ود ہولڈنگ ٹیکس کو بالکل ختم کیا جائے جبکہ حکومت کا کہنا تھا کہ ٹیکس کو بالکل ختم نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت کے انکار پر تاجروں نے یکم اگست کو ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں اب حکومت سے کسی قسم کی کوئی بات نہیں ہو گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تاجروں کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی ہے لیکن صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ حکومت جب تک بنکوں سے لین دین پر ٹیکس مکمل طور پر ختم نہیں کرتی مزید مذاکرات نہیں کریں گے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ ہمارا ایک ہی ایجنڈا تھا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کو ختم کیا جائے مگر حکومت نے ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ اب حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے اور یکم اگست کو پورے ملک میں مکمل طور پر شٹر ڈاﺅن ہو گا۔ تاجروں نے آج آل پاکستان کنونشن طلب کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں انجمن تاجران (خالد پرویز گروپ) لاہور کے صدر مجاہد مقصود بٹ نے یکم اگست کی ہڑتال کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ انجمن تاجران یکم اگست کو نام نہاد تاجروں کے اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی۔ 5 اگست کو پورے ملک میں مکمل شٹر ڈاﺅن ہو گا۔ حکومت کی طرف سے لگایا جانے والا ٹیکس کسی بھی صورت میں تاجر برادری کو قبول نہیں۔ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کو مسترد کرتے ہیں۔ 5 اگست کو پورے ملک میں مکمل شٹر ڈاﺅن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان انجمن تاجروں کے زیراہتمام آج ہونے والے تاجر کنونشن میں شرکت کے لئے پنجاب سمیت تینوں صوبوں سے تاجروں کے وفد لاہور پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے تاجر برادری کی کال پر جس طرح لبیک کہا ہے یہ ایک خوش آئند بات ہے۔ حکومت کو یہ ٹیکس فی الفور واپس لینا ہوگا وگرنہ احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا تاجر طبقہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے اور یہ وہی طبقہ ہے جو سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک شوکت علی کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک شوکت علی نے انجمن تاجران کی طرف سے 5 اگست کو دی جانے والی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن 5 اگست کو ملک بھر میں مکمل ہڑتال کریں گے اور اس دن تمام شہروں میں بکنگ بند کر دی جائے گی اور ملک بھر میں سپلائی روک دی جائے گی۔ حکومت کے مشیروں کے غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے جس کی وجہ سے حکومت کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق رقوم ٹرانزیکشن پر 0.3 فیصد ٹیکس کے معاملے پر حکومت اور ایف بی آر حکام سے مذاکرات جاری ہیں‘ مذاکرات کا دوسرا راﺅنڈ بروز منگل اسلام آباد میں ہو گا۔ تاجر برادری کی طرف سے 21 رکنی کمیٹی وزیر خزانہ سے مذاکرات کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ پنجاب کے نائب صدر خواجہ تنویر اشرف نے تاجر برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے کیا۔
مذاکرات ناکام

ای پیپر-دی نیشن