بھارتی ایٹمی میزائل پروگرام کے معمار سابق صدر عبدالکلام انتقال کرگئے
نئی دہلی (نیوز ڈیسک + نوائے وقت رپورٹ) بھارتی میزائل اور ایٹمی پروگرام کے معمار اور ”میزائل مین“ کہلانے والے سائنسدان اور ملک کے سابق صدر اے پی جے عبدالکلام گزشتہ روز ریاست میگھالے کے دارالحکومت شیلونگ میں انتقال کرگئے۔ بھارتی حکومت نے ان کے انتقال پر ملک میں 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہیں گزشتہ روز انڈین انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں لیکچر کے دوران دل کا دورہ پڑا جس سے وہ بے ہوش ہو کر گر پڑے، انہیں ہسپتال کے سی سی یو وارڈ میں داخل کرایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے وہ بھارت کے گیارہویں صدر بنے۔ انہوں نے 2002ءمیں یہ منصب سنبھالا اور اٹل بہاری واجپائی کے بعد 2007ءتک وزیراعظم من موہن سنگھ کے ساتھ کام کیا۔ عبدالکلام 15 اکتوبر 1931ءکو تامل ناڈو کے ضلع رامناتھمپورم کے گاﺅں رامشیورم میں ایک غریب مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئے ان کے والد زین العابدین ملاح تھے۔ عبدالکلام نے محنت کر کے فزکس اور ایروسپیس انجینئرنگ کی اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے وہ اخبار بھی فروخت کرتے رہے۔ عبدالکلام بھارتی ائرفورس میں فائٹر پائلٹ بننا چاہتے تھے۔ تاہم بعد میں وہ 40 برس تک ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نامی دفاعی تحقیق کے فوجی ادارے اور خلائی تحقیق کے ادارے ”اسرو“ سے سائنسدان، ایڈمنسٹریٹر اور محقق کے طور پر وابستہ رہے۔ انہوں نے ملک کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو ترقی دی اور وہیکل ٹیکنالوجی متعارف کرائی۔ بھارت کے 1998ءکے ایٹمی دھماکوں میں بھی ڈاکٹر عبدالکلام کا اہم کردار تھا۔ انہوں نے بھارت کے خلائی پروگرام کو بھی آگے بڑھایا۔ 1997ءمیں ملک کیلئے اعلیٰ خدمات پر انہیں بھارت رتن کا ایوارڈ دیا گیا۔ عبدالکلام کی نماز جنازہ اور آخری رسومات توقع ہے کہ آج نئی دہلی میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ اس موقع پر بھارتی صدر پرناب مکھر جی، وزیراعظم نریندر مودی بھی موجود ہوں گے۔ عبدالکلام کی میت شیلونگ سے بھارتی فضائیہ کے خصوصی طیارے میں رات گئے نئی دہلی پہنچا دی گئی۔ دریں اثناءصدر مملکت ممنون حسین اور حکومت پاکستان نے سابق بھارتی صدر عبدالکلام کے انتقال پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے عبدالکلام کے اہل خانہ اور بھارتی عوام سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ دفتر خارجہ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالکلام کی اپنے ملک کیلئے نمایاں خدمات یاد رکھی جائیں گی۔
صدر عبدالکلام انتقال