پاکستان کی جانب سے مار گرایا جانے والا ڈرون طیارہ ہمارا ہی تھا: بھارتی فوج کا اعتراف
نئی دہلی (اے این این) بھارتی فوج کے شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس ہودا نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے پاک فوج کی جانب سے مار گرایا جانے والا محدود ملٹری ایپلی کیشن کا بھارتی ڈرون تھا، لائن آف کنٹرول کی باڑ کو اسرائیل کی مدد سے ہائی ٹیک باڑ میں تبدیل کردینگے، کرگل جنگ سے پہلے ہمارے پاس یہاں صرف ایک بریگیڈ تھا لیکن اس کے بعد ہم نے اس جنگ سے سبق سیکھتے ہوئے اب پورا ڈویژن تعینات کردیا ہے۔ داعش مقبوضہ جموں کشمیر میں اپنے قدم جمارہی ہے، مجاہدین کی صفوں میں شامل ہونے والے نوجوانوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرگل جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ڈی ایس ہودا نے کہا پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا لائن آف کنٹرول کے اس پار سے دراندازی میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔ پاکستان کے بھارتی جاسوس ڈرون کے مار گرانے کے ایک سوال کے جواب میں ہودا نے اعتراف کرتے ہوئے کہا یہ ایک کھلونے کی طرح کا ڈرون تھا جس میں بہت محدود ملٹری ایپلی کیشن ہوتی ہیں۔ اس میں ایک عام کیمرہ نصب ہوتا ہے اور صرف 15منٹ تک پرواز کرسکتا ہے۔ واضح رہے ڈرون طیارہ مار گرائے جانے کے بعد سے بھارت مسلسل اس کی ملکیت ماننے سے انکاری تھا اور یہاں تک کہا گیا تھا کہ یہ طیارہ چین کا ہو سکتا ہے۔
بھارت کا اعتراف