ڈرون سے ناقابل تردید ثبوت ملے : بھارتی افواج کی نقل و حرکت جارحانہ عزائم کی نشاندہی کر رہی ہے : آئی ایس پی آر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ صباح نیوز) کنٹرول لائن پر چند روز پہلے گرائے گئے جاسوس طیارے سے ملنے والی تصاویر سے اس بات کے ناقابل تردید ثبوت ملے ہیں کہ یہ بھارتی جاسوس طیارہ تھا جسے پاکستان کی جاسوسی کیلئے بھارت کے زیر قبضہ علاقہ سے اڑایا گیا۔ پیر کی شام جاری کئے گئے آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے ان تصاویر کی کوئی بھی آزاد ذریعہ فورنزک طریقے سے بھارتی ہونے کی تصدیق کر سکتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے بھارت نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باﺅنڈری پر اچانک جارحانہ رویہ اختیار کر لیا ہے جس کے تحت بڑی تعداد میں جاسوس طیارے اڑائے جا رہے ہیں۔ بھارتی فوج غیر معمولی نقل و حرکت کر رہی ہے اور پاکستانی شہریوں کو تاک کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باو¿نڈری پر جارحیت کی شدت میں اضافہ کردیا گیا ہے اور فضائی حدود کی خلاف ورزی بھی کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 9جون سے اب تک جنگ بندی کی 35بار خلاف ورزی کی گئی۔ پندرہ جولائی کو بھارت کی طرف سے ایک ”کواڈ کاپٹر‘ (جاسوس ڈرون) مشن بھیجا گیا جس نے بھارتی مقبوضہ کشمیر کے جوڑیاں سیکٹر سے پاکستان کے بھمبر کے قریب بنچیریاں سیکٹر میں گھسنے کی کوشش کی جسے پاکستانی فوج نے مارگرایا۔ بھارتی حکام نے اس کی تردید کی کہ اس کا کوئی جاسوس ڈرون پاکستان نے مارگرایا ہے جبکہ اس ڈرون کی میموری اور ریکارڈ سے ملنے والی تصاویر اور ویڈیوز سے ناقابل تردید ثبوت ملے ہیں کہ یہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی جاسوسی کے لئے بھیجا تھا۔ بعض تصاویر اور ویڈیوز سے اس ڈرون جاسوس طیارے کے بھارتی پوسٹ سے اڑ کر پاکستانی علاقے میں داخل ہونے کے شواہد موجود ہیں۔ ایک تصویر سے ثابت ہوتا ہے کہ اس ”کواڈ کاپٹر“ کی خرید کے بعد اسے میسرز اسکوم کے دفتر لے جایا گیا جو بھارتی فوج کی کمیونیکیشن اور الیکٹرانک کمپنی ہے۔ ایک اور تصویر سے یہ پتا چلتا ہے ایک بھارتی فوجی اس جاسوس طیارے کے قریب کھڑا ہے۔ اس کواڈ کاپٹر کی تجرباتی پرواز سے قبل کی ایک تصویر میں اسے انڈین سیکٹر کمپنی ہیڈکوارٹرز میں دیکھا جاسکتا ہے۔ پرواز کے فوری بعد کی ایک تصویر میں ایک بھارتی پوسٹ دیکھی جاسکتی ہے جس پر بھارت کا جھنڈا لہرا رہا ہے۔ شروع میں یہ جاسوس طیارہ ایل او سی کے قریب رہا اور ایک تصویر میں یہ لائن آف کنٹرول کی بھارتی سائیڈ کی مکمل منظر کشی کر رہا ہے جس کے بعد پاکستان کے اندر گھس گیا جہاں ایک پاکستانی پوسٹ دیکھی جاسکتی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ صباح نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر نے کہا بھارتی افواج کی نقل و حرکت جارحانہ عزائم کی نشاندہی کرتی ہے۔