• news

امریکی وفد کی ملاقات، دہشتگردوں کے خاتمے تک فوجی کارروائی جاری رہیگی: سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملک سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شورش زدہ علاقوں میں دہشت گردوں کے آخری ٹھکانے کے خاتمے تک فوجی کارروائی جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ کے یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین سٹیفن ہیڈلے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں سپیکر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دینے، باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔ سپیکر نے کہا کہ ماضی میں بار بار کی فوجی مداخلت سے سیاسی عمل بری طرح متاثر ہوا۔ تاہم ملک میں انتخابی عمل کے تسلسل سے جمہوری ادارے مضبوط ہو رہے ہیں اور جمہوری عمل کو تقویت حاصل ہوئی ہے۔ سپیکر نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری کا سخت حامی ہونے کے ناطے انہوں نے قومی اسمبلی میں دوست ممالک کے پارلیمانوں سے تعلقات کو وسعت دینے کیلئے دوستی گروپ تشکیل دیئے۔ سپیکر نے یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی تنظیم نو، ارکان پارلیمنٹ اور پارلیمانی عملے کی استعداد کار میں اضافے اور پارلیمنٹ کی عمارت کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی تکمیل کے لئے معاونت کرنے والوں کاشکریہ بھی ادا کیا۔ سٹیفن ہیڈلے نے کہاکہ امریکہ بھی پاکستان کو اپنا قریبی دوست تصور کرتا ہے اور پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

ای پیپر-دی نیشن