الیکشن کمشن سے استعفیٰ مانگنے کی بجائے فوکس شفاف انتخابات پر ہونا چاہئے: سراج الحق
اوکاڑہ + لاہور(نا مہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل دہشت گردی، مہنگائی، بد امنی اور بے روز گاری کے ہیں حکومت و اپوزیشن کو دست و گریبان ہونے کی بجائے عوام کی مسائل پر توجہ دینی چایئے الیکشن کمشن سے استعفیٰ مانگنے کی بجائے اصل فوکس آئندہ الیکشن کو شفاف بنانے پر ہو نا چاہئے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں بد انتظامی کرنے والون کے لئے کوئی جزا اور سزا کا تعین نہیں کیا گیا اسلحہ سے پاک ہونے تک کراچی میں اپریشن جاری رہنا چاہئے الطاف حسین سب سے زیادہ آپریشن کا مطالبہ کرتے تھے بات جب ایم کیو ایم کے دفتروں تک اور چھاپوں تک پہنچی تو چیخنے لگے سیاست اور جرائم کو الگ کرنے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار وہ امیر جماعت اسلامی ضلع اوکارہ ڈاکٹر لیاقت علی کوثر کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کے دوران کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اپریشن کے باوجود اب دہشتی گردی ہورہی کسی کا جان ومال محفوظ نہیں۔ قبل ازیں منصورہ میں الخدمت ٹیچنگ ہسپتال کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے مگر کسی حکومت نے بھی اپنی اس ذمہ داری کو پورا نہیں کیا، سرکاری ہسپتالوں میں سفارش کے بغیر کسی غریب مریض کو داخل نہیں کیا جاتا، وزیروں،مشیروں کے علاج پر کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں، جماعت اسلامی حکومت میں آکر پانچ بڑی بیماریوں کا علاج مفت کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دل، گردے، کینسر، یرقان اور تھلیسمیا کی بیماریوں کا علاج اتنا مہنگا ہے کہ اس کے بارے میں کوئی غریب سوچ بھی نہیں سکتا۔ اسلامی ویلفیئر ریاست کا فرض ہے کہ وہ ایسی بیماریوں کا مفت علاج کرے۔ سینیٹر سراج الحق نے اسرائیلی پولیس اور فوجیوں کی طرف سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور خواتین سمیت نمازیوں پر بہیمانہ تشدد اور گرفتاری کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل عالمی دہشتگرد ہے۔ کسی مذہب میں بھی مذہبی مقامات کی بے حرمتی کی اجازت نہیں مگر اسرائیلی فوج تمام عالمی قوانین کو روندتے ہوئے بارہا مسلمانوں کے قبلہ اول کی بے حرمتی کر چکی ہے۔ انسانی حقوق کے نام نہاد عالمی چمپئن امریکہ کی سرپرستی میں مسلمانوں پر پوری دنیا میں مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔