کراچی آپریشن سے سندھ حکومت کی رٹ بحال ہوئی، کسی جماعت کو غلط لگ رہا ہے تو عدالت جائے: نثار کھوڑو
سکھر(آن لائن)سندھ کے سینئر وزیر آبپاشی و اطلاعات نثار احمد کھوڑونے کہا ہے کہ متحدہ قومی مومنٹ نے کراچی کو پرامن بنانے کے لئے پاک فوج سے وزیرستان طرزکے خاص آپریشن کی ڈمانڈ کی تھی۔ ٹارگٹ کلرز، بھتاخوروں ، ڈرگ مافیا اور ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن سندھ کے بہتر مفاد میں ہے۔ ایسی کارروائیوں سے کراچی سمیت پوری سندھ کا امن اور حکومتی رٹ بحال ہوئی، اگر کسی پارٹی کوغلط لگ رہا ہے کہ یہ آپریشن انکے خلاف ہے تو وہ عدالت سے رجوع کرے۔ سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال نہیں، اگر کہیں بھی کوئی ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوئی تو حکومتی مشینری اس سے نمٹنے کے لئے تیار اور الرٹ ہے، سیلاب متاثرین کو نہ پہلے اکیلا چھوڑا نہ اب چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سکھر بیراج پر محکمہ آبپاشی کی جانب سے ممکنہ سیلاب، بیراج اور بچائو بندوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لینے کے بعد کیا۔ آبپاشی اور اطلاعات کے صوبائی وزیر نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ اس دفعہ اچانک سیلاب کا پانی کہیں سے بھی نہیں آیابالائی پاکستان میں بارشوں کے باعث پانی دریائے سندھ میں داخل ہوا ہے اور ممکن ہے کہ کچھ دنوں کے اندر گڈو سے 6 سے 7 لاکھ کیوسک پانی گذرے گالیکن خطرے کی کوئی بات نہیں، سکھر بیراج ایک شاندار بیراج ہے جس سے 1976ء میں 12 لاکھ کیوسک اور 2010 ء میں بھی تقریباً 12 لاکھ کیوسک پانی کا دبائو بردداشت کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب والے پانی کی صورتحال غلط بتائیں بھی تو ہمارے پاس گیج ناپنے کے اوزار موجود ہیں اور اگر بارشوں سے پانی بڑھا تو بھی خطرے کی بات نہیں ہوگی۔