کلرکوں کا مطالبات کے حق میں سول سیکرٹریٹ چوک میں مظاہرہ
لاہور (سپیشل رپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے ملازمین نے سول سیکرٹریٹ چوک میں مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث ٹریفک جام ہو گئی۔ مظاہرے کی قیادت حاجی فضل داد گجر، چیئرمین ایپکا، لالہ محمد اسلم مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ایپکا ، حاجی محمد ارشاد چودھری، یونس بھٹی، ریاض الدین، رانا اشرف، راشد احمد خان، غلام مصطفیٰ ، مشتاق احمد، چوہدری ابو ہریرہ، ارشد باجوہ، مجاہد میر اور دیگر ملازمین نے گرمی اور حبس میں قمیضیں اُتار کر احتجاج کیا جس کی وجہ سے 2 گھنٹے تک سڑک پر ٹریفک جام رہی، اس دوران شدید گرمی اور حبس کی تاب نہ لاتے ہوئے 3 سرکاری ملازمین بیہوش ہو گئے۔ اس موقع پر ایپکا پنجاب کے صدر حاجی ارشاد نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر رانا ثناء اللہ صوبائی وزیر قانون اور دیگر حکومتی نمائندوں نے ایپکا قیادت کے ساتھ مذاکرات کرنے کے بعد مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ وزیر قانون نے یقین دہانی کروائی تھی سمری منظور ہونے کے بعد مطالبات کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا جس کا اعلان وزیر اعلیٰ پنجاب ایک کنونشن میں کریں گے لیکن متعدد یاد دہانیوں کے باوجود کنونشن کی تاریخ کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا۔ حکومت منظور شدہ مطالبات کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کریں بصورت دیگر ایپکا حکومت کے خلاف احتجاج کا دائر ہ پنجاب بھر میں وسیع کرنے پر مجبور ہو جائے گا جو کہ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔