• news

ملتان، قتل کے 2 مجرموں کو پھانسی: کراچی، شفقت کے پھر ڈیتھ وارنٹ جاری

لاہور + ملتان + فیصل آباد + بہاولپور + سیالکوٹ (اپنے نامہ نگار سے + ایجنسیاں + نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران) سنٹرل جیل ملتان میں قتل کے 2 مجرموں کو پھانسی دے دی گئی۔ لاہور میں قتل کے ایک مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے گئے ہیں پرسوں 30 جولائی کو کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دی جائے گی۔ فیصل آباد میں کل ایک مجرم کو بہاولپور اور سیالکوٹ میں 2 کو پرسوں تختہ دار پر لٹکایا جائے گا جبکہ کراچی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے شفقت حسین کے ایک بار پھر ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے۔ اس عدالت نے جیل حکام کو حکم دیا ہے کہ شفقت حسین کو 4 اگست کو صبح پھانسی دی جائے۔ تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل ملتان میں پیر کی صبح سزائے موت کے دو قیدیوں فاروق اور کریم نواز کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا جب کہ اس موقع پر جیل کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ مجرم فاروق نے1988ء میں لین دین کے تنازع جب کہ مجرم کریم نوازنے1999ء میں پرانی دشمنی پر ایک شخص کو قتل کیا تھا۔ ضروری کارووائی کے بعد نعشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک 150 سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں رواں ہفتے 6 ملزمان کو پھانسی دی جائے گئی۔ ان ملزمان کی اعلیٰ عدالتوں میں اپیل کی تمام درخواستیں مسترد کی جا چکی ہیں۔ اے این پی کے مطابق رمضان المبارک کے مہینے کے بعد یہ پہلی پھانسی دی گئی ہے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ایک قیدی کو کل سنٹرل جیل میں پھانسی دی جائے گی۔ لین دین کے تنازع پر عبدالباسط نے مخالف کو 2008ء میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق سنٹرل جیل بہاولپور میں پرسوں 30 جولائی کو سزائے موت کے اسرار خاں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ مجرم تھانہ کھچی والا ضلع بہاولنگر کے مقدمہ قتل میں ملوث ہے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل میں قید قتل کے مجرم شفقت عرف شاقو کو پرسوں 30 جولائی کو تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ 20 ستمبر 1994ء کو مجرم محمد شفقت عرف شاقو نے تھانہ صدر جہلم کے علاقہ میں دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر ایک شخص کو قتل کیا تھا۔ادھر کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے شفقت حسین کے ایک بار پھر ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے۔ عدالت نے ڈیتھ وارنٹ جاری کرتے ہوئے جیل حکام کو حکم دیا ہے کہ شفقت حسین کو 4 اگست کی صبح پھانسی دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق شفقت حسین کے ڈیتھ وارنٹ چھٹی بار جاری کیے گئے ہیں اس سے پہلے مجرم کی پھانسی ملتوی ہوتی رہی ہے۔ واضح رہے کہ مجرم شفقت حسین کو 2004ء میں ایک 7 سالہ بچے کے اغوا اور قتل کا مجرم قرار دیا گیا تھا اور موت کی سزا سنائی گئی۔ علاوہ ازیں سیشن جج لاہور نے پھانسی کی سزا پانے والے قتل کے مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے ہیں۔ مجرم سلیم کو شیخوپورہ پولیس نے قتل کے الزام میں گرفتار کر کے اس کا چالان عدالت میں پیش کیا تھا اور سلیم کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنا دی گئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن