سلمان تاثیر کی برسی کی تقریب پر حملہ میں ملوث تین ملزموں کو 5، 5 دو کو 3، 3 سال قید
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشت گردی عدالت نے سلمان تاثیر کی برسی کی تقریب پر حملہ کے تین ملزموں کو پانچ پانچ اور دو مجرمان کو تین تین سال قید کی سزا سنادی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نمبر تین کے جج ہارون لطیف نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے لبرٹی مارکیٹ گول چکر میں سابق گورنر سلمان تاثیر کی برسی پر حملہ کیا اور وہاں موجود افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کا اس مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں ہے، انہیں واقعہ کے بعد گرفتار کرکے مقدمہ میں ملوث کیا گیا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد مجرموں عدیل، فرحان اور کاشف کو پانچ پانچ سال قید جبکہ وزیرعلی اور افتخار کو تین تین سال قید اور بیس بیس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنادی اور دو ملزمان دین محمد اور ساجد کو شک کا فائدہ دے کر بری کردیا۔