• news

ہزیمت اٹھانے کے بعد بھی تحریک انصاف نے سبق نہیں سیکھا: خواجہ آصف

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کی مرضی کے مطابق نہیں آیا اس لئے وہ الزامات لگارہے ہیں ، کشمیر کا مسئلہ حل ہونے سے خطے کے تمام مسائل حل ہونگے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ پی ٹی آئی کا دھرنا ختم ہونے کے باوجود ہم نے جوڈیشل کمیشن بنایا۔ ہم نے ان سے معاہدہ کیا کہ اگر جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ ہمارے خلاف آیا تو ہم اسے قبول کرکے نئے الیکشن کرائینگے۔ پی ٹی آئی 2013ء کے انتخابات جیت سکی نہ ہی جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ ان کی مرضی کے مطابق آیا ہے۔ عمران خان کو جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ قبول کرتے ہوئے تلخیاں ختم کرنی چاہئیں آئندہ الیکشن کی تیاری کریں۔ اس وقت ہمارا فوکس معاشی بحران ہے اس کا حل ڈھونڈنے اور بحران سے اجتناب کرنا چاہیے۔ بھارت نے ماضی میں بھی پاکستان پر الزامات لگائے ہیں جو غلط ثابت ہوئے ہیں۔ کشمیر کا مسئلہ سرفہرست ہے۔ کشمیر کا مسئلہ حل ہونے سے تمام مسائل حل ہو جائینگے۔ عمران خان کو بحیثیت کرکٹر امپائر کا فیصلہ قبول کرلینا چاہیے، انہیں اب وکٹیں لے کر میدان سے بھاگنے والی روش ترک کر دینی چاہیے، وزیراعظم نواز شریف صبر والے بندے ہیں، اس لئے خدا نے انہیں الیکشن میں بھی سرخرو کیا اور جوڈیشل کمیشن میں بھی سرخرو کیا، کوئی ذی شعور پاکستانی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا نہیں سوچ سکتا ، اب ہمیں سیاسی مفادات کو چھوڑ کر ملکی مفادات کے بارے میں سوچنا ہو گا، پاکستان کی عوام ذہنی طور پر بالغ ہے، سیاستدانوں کی غلطیوں پر ان کا محاسبہ کرنا جانتی ہے۔ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کی پاسداری جو نہیں کرتا اس کی اپنی مرضی ہے، یہ عمران خان کے منفی رویے کی عکاس ہے، ہم نے نظام بچانے کیلئے جوڈیشل کمشن تحریک انصاف کے ایماء پر بنایا ، الیکشن میں 200سیٹیں حاصل نہیں کر سکے، اس لئے دھرنا دیتے ہیں، اب پھر جوڈیشل کمیشن کے فیصلے پر بیانات دے رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کو کئی معاملات میں ہزیمت اٹھانا پڑی، کچھ لوگ بات کہہ کر مکر جاتے ہیں، انہیں یہ زیب نہیں دیتا۔ اتنی ہزیمت کے بعد بھی پی ٹی آئی نے کوئی سبق نہیں سیکھا، پی ٹی آئی کو کوئی وقار شو کرنا چاہیے،خدا کا ہم پر بڑا کرم ہے، عوام کے ووٹوں سے ہم اسمبلیوں میں ہیں۔ پی ٹی آئی کی قیادت کو اپنے بیان پر قائم رہنا چاہیے تھا، عوام سب کچھ دیکھ رہی ہے، عزت اور ذلت دینے والی خدا کی ذات ہے، ہم دعا کرتے ہیں کہ خدا ہمیں ذلت سے بچائے۔ کچھ لوگ بات کر کے مکر جاتے ہیں، انہیں یہ زیب نہیں دیتا، انہیں اپنی بات پر قائم رہنا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن