• news

سینٹ ہائوس کمیٹی کا پارلیمنٹ لاجز میں ناقص صفائی، بدانتظامی پر اظہار برہمی

اسلام آباد (آن لائن) سینٹ ہاؤس کمیٹی نے پارلیمنٹ لاجز میں صفائی کی خراب صورتحال بدانتظامی اور پارلیمنٹ ڈسپنسری سے ڈاکٹروں کے غائب ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی ڈی اے سمیت تمام اداروں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت دیدی، ممبران پارلیمنٹ کی رہائش گاہوں کی تعمیر میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی کے سربراہ ڈپٹی چیئر مین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز میں جاری تعمیراتی کام میں ہونیوالی پیش رفت، ڈسپنسری کی کارکردگی اور پارلیمنٹ لاجز کے حوالے سے دیگر اہم معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کے سربراہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کووارننگ دی کہ شکایات کے باجود مسائل کے حل پر توجہ نہ دینا انتہائی افسوسناک امر ہے اور آئندہ اس قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے ڈسپنسری کو تہہ خانے سے کسی دوسری موزوں جگہ پر منتقل کرنے کی بھی ہدایات دیتے سی ڈی اے سے سفارشات طلب کیں۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا سیکرٹری فنانس کو اگلے اجلاس میں طلب کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن