• news

ممبئی بم دھماکوں کے ملزم یعقوب میمن کی سزائے موت پر بھارتی سپریم کورٹ کے ججوں میں اختلاف، اپیل لارجر بنچ کے حوالے

نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی سپریم کورٹ نے 1993ء کے ممبئی بم دھماکوں کے مرکزی ملزم ٹائیگر میمن کے بھائی یعقوب عبدالراق میمن کی پھانسی کو روکنے کیلئے دائر درخواست کو لارجر بنچ کے حوالے کر دیا۔ یعقوب میمن کی پھانسی کی سزا کو ممبئی ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ دونوں نے بحال رکھا تھا۔ انہیں 30 جولائی کو پھانسی دینے کی تیاریاں ہو رہی تھیں۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق یعقوب میمن کی درخواست پر سماعت کرنے والی بینچ کے ججز جسٹس اے آر داوے اور جسٹس کوریئن جوزف کے درمیان ان کی عرضی پر سماعت کے متعلق اختلاف تھا۔ جسٹس داوے سزائے موت پر حکمِ امتناعی کے خلاف تھے جبکہ جسٹس کوریئن کے خیال میں سزائے موت پر عمل در آمد نہیں کیا جانا چاہئے۔ جسٹس داوے نے یعقوب کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے یہ بات مہاراشٹر کے گورنر کی ایما پر چھوڑ دی جن کے پاس یعقوب میمن کی جانب سے رحم کی درخواست پیش کی گئی ہے جبکہ جسٹس کوریئن کا کہنا تھا کہ یعقوب کی درخواست پر نئے سرے سے سماعت کی جانے کی ضرورت ہے کیونکہ ان کی اپیل کو بغیر درست ضابطے پر عمل کیے مسترد کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ایک تین رکنی بنچ کا قیام کریں گے جو اب یعقوب میمن کی عرضی پر غور کرے گی۔ خیال رہے کہ یعقوب میمن نے جمعے کو سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے اپنے نے ڈیتھ وارنٹ کو چیلنج کیا تھا۔ میمن کے مطابق تمام قانونی اختیارات ختم ہونے سے پہلے ہی ان کے خلاف ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیا گیا تھا جو کہ ان کے مطابق غیر قانونی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن