گجرات : ملک اسحاق گروپ کے دس حملہ آوروں کا پولیس چوکی پر دھاوا‘ دو ہلاک دو اہلکار زخمی
گجرات (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ملک اسحاق گروپ کے 10 حملہ آوروں نے پولیس چوکی گوڑیالہ پر دھاوا بول دیا، دوطرفہ فائرنگ سے 2 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ 2 حملہ آور ہلاک ہو گئے جبکہ 8 فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ میں مارے جانیوالے ملک اسحاق کے گروپ کے واقعہ کے بعد لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے قاری ممتاز کی قیادت میں 10 حملہ آوروں نے چوکی پر حملہ کیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں چوکی گوڑیالہ کے 2 اہلکار احسان اور معظم زخمی ہو گئے جبکہ زخمی اہلکاروں کی وائرلیس پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر ڈی پی او رائے ضمیر الحق کی قیادت میں علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس اور دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 حملہ آور قاری ممتاز اور اسکا وزیرستان کا پٹھان ساتھی ہلاک ہوگئے جبکہ باقی ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں کی نعشوں کے قریب سے پولیس نے 3 کلاشنکوفیں، تین ہینڈ گرنیڈ، دو راکٹ لانچر، سینکڑوں گولیاں قبضے میں لیکر نعشوں کو ہسپتال پہنچا دیا۔ ڈی پی او رائے ضمیر الحق نے میڈیا کو بتایا کہ مرنے والے دہشت گرد دہشت گردی کے 17 مقدمات سمیت قتل اور ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ قاری ممتاز گجرات کے گاﺅں دھم کا رہائشی تھا جو 1996ءمیں اہل تشیع کے 60 افراد کو فلائنگ کوچ میں فائرنگ کر کے قتل کرنے کے واقعہ اور دو سال قبل کھاریاں کے قریب دو پولیس اہلکاروں اور کوٹلہ کے قریب دو جیولرز کو بھی ڈکیتی کی واردات میں قتل کرنے میں ملوث تھے جبکہ دوسرے اضلاع میں بھی انکے خلاف قتل، ڈکیتی کی وارداتیں ہیں جن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کی تعداد 5 سے 7 تھی۔ ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق نے میڈیا کو بتایا کہ گجرات آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔ حملے میں 2 پولیس اہلکار زخمی اور 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ 2 دہشت گردوں کی لاشیں قبضے میں لے لی گئی ہیں۔
چوکی/ دھاوا