الیکشن کمشن نے پنجاب‘ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے التواءکیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ‘ آج ہی سماعت کی استدعا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نیوز ایجنسیاں) سپریم کورٹ میں الیکشن کمشن کی جانب سے صوبہ پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات ایک ماہ کے لئے ملتوی کرنے کی درخواست دائر کر دی۔ درخواست الیکشن کمشن کے وکیل منیر پراچہ نے دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دونوں صوبوں میں سیلاب کی صورتحال ہے جس سے بہت ساری آبادی متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے دونوں صوبوں کے متاثرہ علاقوں میں بلدیاتی الیکشن کروانا مکمن نہیں، فوج اور پولیس امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق آرڈیننس جاری کر دیا ہے تاہم سندھ نے ابھی قواعد میں تبدیلی کرنی ہے اورجب تک قواعد میں تبدیلی نہیں کی جاتی نامزدگی فارم کی پرنٹنگ نہیں کی جا سکتی۔ درخواست میں یہ بھی بتایاگیاہے کہ سیلاب کے باعث متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اس طرح سرکاری عمارات جہاں پولنگ کا عمل ہوتا ہے وہاں سیلاب متاثرین کو ٹھہرانے کا بندوبست کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے الیکشن کے انعقاد میں مشکل پیش آ سکتی ہے، سپریم کورٹ سے استدعاہے کہ دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات ایک ماہ کیلئے ملتوی کرنے کی اجازت دی جائے۔ واضح رہے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق الیکشن کمشن کو 28 جولائی کو سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کرنا تھا، اس کے علاوہ الیکشن کمشن نے بلدیاتی الیکشن مرحلہ وارکرانے کیلئے بھی ایک درخواست دائرکر رکھی ہے۔ الیکشن کمشن نے عدالت عظمی سے استدعا کی ہے کہ انتخابات کے انعقاد میں توسیع کی درخواست فوری طور پرآج (جمعرات کو) ہی سنی جائے۔ الیکشن کمشن کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے درخواست مسترد ہونے کی صورت میں دونوں صوبوں میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول فوری طور پر جاری کر دیا جائے گا۔ دریں اثناءسندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات 3 مرحلوں میں کرانے کےلے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرا دی۔ بدھ کو سندھ حکومت کی طرف سے ایڈووکیٹ فاروق ایچ نائیک نے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرائی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ حالیہ سیلاب سے صوبے کے 16اضلاع متاثر ہوئے ہیں، انتظامی مشینری سیلاب متاثرین کی بحالی میں مصروف ہے۔ بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کروانے کا حکم دیا جائے۔
الیکشن کمشن/ درخواست