دشمن پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دہشت گردی کرا رہے ہیں‘ آپریشن ضرب عضب ملکی اور عالمی امن یقینی بنائیگا : جنرل راحیل
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے پاکستان اور بیرونی دنیا میں امن کو یقینی بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے یہ بات اٹلی میں سنٹر آف انٹرنیشنل سٹڈیزکے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جنرل راحیل نے کہا کہ دہشت گردی پوری دنیا کےلئے خطرہ ہے، دہشت گردوں کو دوبارہ کہیں منظم نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کےلئے دہشتگردی کرارہے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ دنیا کےلیے کشمکش اور پاکستان کےلئے بقا کا معاملہ ہے۔ آپریشن ضرب عضب پاکستان اور دنیا میں قیام امن کو یقینی بنائے گا، دہشت گردی پوری دنیا کےلئے خطرہ ہے، دہشتگردی کے خاتمے کےلئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا۔ افغانستان میں قیام امن کےلئے نہایت پرخلوص ہیں، بین الاقوامی برادری نے افغانستان میں پاکستان کے مفاہمتی کردار کو سراہا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ مصالحتی عمل کو خراب کرنے یا پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کرنے والوں سے بچا جائے جو کہ پاکستان اور افغانستان دونوں کےلئے ایک چیلنج ہے۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن میں کردار ادا کرتا رہے گا۔ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان پرامید ہے پاکستان اور افغانستان کی منزل ایک ہے ایک ملک کا امن دوسرے ملک کے امن واستحکام پر منحصر ہے پاکستان اور افغانستان کو جغرافیائی لحاظ سے الگ نہیں کیا جاسکتا، افغانستان کے ساتھ بہتر بارڈر مینجمنٹ کے ذریعہ پاک افغان سرحد پر واقع علاقوں کی تعمیرنو کی جائے گی۔
جنرل راحیل