مشکے: کارروائی میں کئی دہشت گرد ہلاک، ہنگو میں متعدد ٹھکانے تباہ
کوئٹہ+ صوابی+ پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) بلوچستان کے علاقے مشکے میں کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے جن کا تعلق کالعدم تنظیموں سے بتایا جاتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز سکیورٹی ذرائع کے مطابق مشکے کے علاقے میں حساس اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی جس سے متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ کارروائی کے دوران بارودی مواد، اشتعال انگیز مواد اور مواصلاتی ساز و سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔ ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے جبکہ کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے بھی مسمار کر کے جلا ڈالے جبکہ صوابی، ہنگو، کوئٹہ، اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں سرچ آپریشن کے دوران 100 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزمان سے اسلحہ سمیت منشیات برآمد کی گئی۔ صوابی میں سرچ آپریشن کے دوران 36 مشتبہ افراد اور 5 خطرناک اشتہاری مجرموں اور 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ادھر ہنگو کے مختلف علاقوں میں پولیس کے سرچ آپریشن میں 7اشتہاری مجرمان گرفتار کر لئے گئے اور ان سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لئے گئے۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق مستونگ کے علاقے میں ایف سی اور حساس ادارے نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ چکوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 6 غیرملکیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق ضلعی پولیس نے حساس اداروں کے ہمراہ مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے نواحی قصبات سے 20 کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ادھر تھانہ گلبہار پشاور سے 2 ملزم فرار ہو گئے۔ ایس ایچ او کے گن مین کو معطل کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ایک دہشت گرد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مستونگ میں فورسز کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ادھر لورالائی کے علاقے دکی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔