غیرضروری مقدمات دائر کرنے والے وکلاء کو بھاری جرمانے ہونے چاہئیں: سپریم کورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ نے ضمانت کے مقدمے کی سماعت میں قرار دیا ہے کہ غیرضروری مقدمات دائر کرنے والے وکلاء کو بھاری جرمانے ہونے چاہئیں۔ وکلاء کا احترام اپنی جگہ مگر کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔ ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے بغیر کسی شہادت کے ملزم کے خلاف منشیات کا بے بنیاد مقدمہ درج کررکھا ہے۔ عدالت نے کہا کہ عدالت پولیس کی تفتیش کو تسلیم کرنے کی پابند نہیں۔ مقدمہ درست ہے یا غلط یہ دیکھنا ٹرائل کورٹ کا کام ہے۔ غیرضروری درخواستیں دائر ہونے سے عدالتوں کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے اور ایسی درخواستیں عدلیہ کے ساتھ مذاق ہے، عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کردی۔