• news

طالبان‘ القاعدہ‘ داعش خوارج ہیں‘ طاہر القادری نے دہشت گردی کیخلاف نصاب پیش کردیا

اسلام آباد (صباح نیوز) عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ داعش القاعدہ اور طالبان خوارج ہیں، انکا خاتمہ ناگزیر ہے، دہشت گردی کے خلاف صرف فوج لڑ رہی ہے، پاک فوج ضرب عضب کے بعد سیاسی و معاشی دہشت گردوں سے بھی ملک کو نجات دلائے، حکمران غیر سنجیدہ اور کرپٹ ہیں، ووٹ لینے کیلئے سمجھوتے کرلیتے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کو آج تک ایکٹ آف پارلیمنٹ نہیں بنایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز امن اور انسداد دہشت گردی کیلئے 25 کتابوں پر مشتمل نصاب کے اجراء کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقام ا فسوس ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کو ایکٹ آف پارلیمنٹ نہیں بنایا گیا اور دہشت گردی کے خلاف حکومت کا لائحہ عمل غیر سنجیدہ ہے۔ آج تک 18ویں ترمیم سمیت کسی آئینی ترمیم پر سٹے نہیں ہوا لیکن 21ویں ترمیم پر سٹے ہوگیا ہے تاکہ فوجی عدالتیں کسی دہشت گرد کو سزا نہ دے سکیں۔ تمام کالعدم تنظیمیں نئے ناموں سے اب بھی کام کررہی ہیں اور ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہورہا قوم کے ساتھ بدستور مذاق جاری ہے۔ قومی ایکشن پلان پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ مدارس کی رجسٹریشن کے دعوے کہاں گئے، حکمران ووٹ لینے کیلئے سمجھوتہ کرلیتے ہیں ان کو اپنی سیاست کی پرواہ ہے ملک کی کوئی فکر نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف اکیلے فوج لڑ رہی ہے۔ کراچی کے بعد لاہور کی 14لاشیں بھی فوج کے ایکشن کی منتظر ہیں، پنجاب میں لاقانونیت کا راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پانچ سال قبل دہشت گردی کے خلاف جامع فتویٰ دیا تھا اور اس کے بعد اپنا کام جاری رکھا اور پانچ سالوں میں انسداد دہشت گردی کے خلاف اسلام کے نصاب پر 25 کتابیں لکھ چکا ہوں جو اردو، انگریزی اور عربی زبان میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جہاد صرف ریاست کی صوابدید پر ہوتا ہے ، مسلم ملک میں کسی انفرادی شخص یا گروہ کو جہاد کرنے یا تلوار اٹھانے کا حق حاصل نہیں۔ حالیہ دہشت گرد کونسا جہاد کررہے ہیں۔ اسلام میں خوارج کو مکمل ختم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔پاک فوج کی لائن بالکل سیدھی ہے اور ہم ان کی حمایت کرتے ہیں۔ فوجی جوانوں کو ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں بالکل کوئی تامل یا تذبذب نہیں ہونا چاہیے بلکہ وہ پورے عزم و ہمت سے ان کاخاتمہ کریں۔ انہوں نے قومی اداروں اور حکومت سے اپیل کی کہ وہ انسداد دہشت گردی کے اس نصاب کو تعلیمی نصاب کا سکولوں کالجوں میں رائج کرے۔ چاہے ان کا نام ان کتابوں سے ہٹا دیا جائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب قانونی شرعی اور ہر لحاظ سے اخلاقیات کے مطابق ہے پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رمان ملک نے کہا میں ماڈل ٹائون سانحہ کی جوڈیشل کمیشن رپورٹ شائع کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔ یہ مطالبہ میں پارلیمنٹ میں بھی اٹھائوں گا۔ تقریب سے صاحبزادہ قمر سلمان احمد، مولانا عبدالقوی، ائر مارشل (ر) شاہد لطیف نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن