• news

اقتصادی راہداری منصوبوں پر جلد عملدرآمد ہو گا‘ سیاسی‘ معاشی سٹرٹیجک تعاون بڑھائیں گے : پاکستان‘ چین

اسلام آباد (ایجنسیاں)پاک چین سٹرٹیجک مذاکرات کا چھٹا دور دفتر خارجہ میں ہوا۔ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری جبکہ چینی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ لیوجیان شاﺅ نے کی جبکہ سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ملکوں کے وفود نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کے اہم پہلوﺅں کا جائزہ لیا۔ بات چیت میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں پر جلد از جلد اور موثر عملدرآمد دونوں ملکوں کی پہلی ترجیح ہے دونوں ملکوں نے پاک چین سٹرٹیجک تعاون اورشراکت داری کے حوالے سے سیاست معیشت اور سٹرٹیجک سمیت دیگر اہم شعبوں پر مزید کام کرنے پر اتفاق کیا اس موقع پر علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور چینی نائب وزیرخارجہ لیوجیان شاﺅ نے دونوں ملکوں کی خارجہ امور کی وزارتوں کے درمیان رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ قبل ازیں چینی وفد نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔ مشیر خارجہ نے چینی نائب وزیر خارجہ کو اس سال کے دوران پاکستان کے دوسرے دورے پر خوش آمدید کہا انہوں نے کہا کہ اوفا میں وزیراعظم نوازشریف اور چینی صدر کے درمیان مفید ملاقات ہوئی تھی۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کو اہم منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ اس منصوبے کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان تعاون سے خطے میں رابطہ قائم ہوگا اور خوشحالی اور ترقی آئے گی۔
سٹرٹیجک مذاکرات

ای پیپر-دی نیشن