گوجرانوالہ سمیت مزید آٹھ شہروں میں فوڈ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ‘ ملاوٹ مافیا کو کچلنا ہے : شہباز شریف
لاہور (خبر نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا خوراک کے نام پر لوگوں کو زہر کھلانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ مضر صحت ، غیر معیاری اور ملاوٹ والی اشیاءتیار و فروخت کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔ مربوط اور اجتماعی کاوشوں سے ملاوٹ مافیا کو آہنی ہاتھوں سے کچلنا ہے۔ ملاوٹ شدہ، غیر معیاری اور مضر صحت اشیاءکے کاروبار میں ملوث مافیا کا ناپاک گٹھ جوڑ توڑ کر دم لیں گے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی مضر صحت اور غیر معیاری اشیاءتیار اور فروخت کرنےوالوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاﺅن جاری رکھے اورکسی دباﺅ یا سفارش کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیاءکی تیاری و فروخت کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سزائیں مزید سخت کی جائیں گی۔ اجلاس میں پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2011ءمیں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی گئی اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کا دائرہ کار راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ اور مری تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا مرحلہ وار پروگرام کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی کا دائرہ پورے پنجاب تک پھیلایا جائے گا۔ جہاں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا، وہاں فوڈ ٹیسٹنگ لیبز بھی بنائی جائےں گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ریستورانوں اور ہوٹلوں کی درجہ بندی کے حوالے سے شفاف ، میرٹ پر مبنی اور ٹیکنالوجی بیسڈ نظام مرتب کیا جائے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی قابل ستائش ہے تاہم اسے اپنے عملے کی تربیت اور کپیسٹی بلڈنگ پر خصوصی توجہ دینا ہو گی۔ وزیر اعلیٰ سے گزشتہ روز برطانیہ کی پارلیمنٹ کے 5 رکنی وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان و برطانیہ کے درمیان تعلقات کے فروغ، تعلیم، صحت خصوصاً سکل ڈویلپمنٹ کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سکل ڈویلپمنٹ و ہائیر ایجوکیشن کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین تعلقات موجود ہیں اور برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے۔ پنجاب میں برطانیہ کے تعاون سے تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں شروع کئے گئے پروگرام کامیابی سے چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نوجوانو ںکو بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب میں گزشتہ 7 برس کے دوران میرٹ، شفافیت اور اعلیٰ معیار کو فروغ دیا گیا ہے۔ صوبے میں ایک لاکھ سے زائد اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا گیا۔ کرپشن، سفارش اور اقربا پروری کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ تعلیم ، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پوری پاکستانی قوم یکسو ہے۔ پنجاب حکومت نے انسداد دہشت گردی کیلئے قوانین میں ترامیم کرکے سزاﺅں کو سخت کیا ہے۔ صوبے میں جدید تربیت یافتہ انسداد دہشت گردی فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے بندوق کی گولی کے ساتھ تعلیم، صحت اور روزگار کی گولیاں بھی ضروری ہیں، یہی وجہ ہے کہ حکومت تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا پنجاب میں یونیورسٹیز میں اصلاحات کےلئے برٹش کونسل کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ برٹش کونسل یونیورسٹیز میں اصلاحات کیلئے جامع روڈ میپ وضع کرے تاکہ فی الفور اقدامات کئے جا سکیں۔ برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر نے شہباز شریف کو اس ضمن میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سکاٹ لینڈ سے رکن پارلیمنٹ تسمینہ احمد شیخ نے سکل ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں پنجاب حکومت کو معاونت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کے حوالے سے پنجاب حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔ برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ شہباز شریف پنجاب میں حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔پنجاب میں تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں عملی اقدامات نظر آتے ہیں۔ میٹرو بس پراجیکٹس، دانش سکولز، انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں وزیر اعلیٰ کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ اور مختلف اضلاع میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے ہدایت کی ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ محکمے اور ادارے چوکس رہیں لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کے تدارک کیلئے پیشگی حفاظتی انتظامات کئے جائیں۔ انسداد ڈینگی کے حوالے سے گزشتہ برس کے وضع کردہ پلان پر موثر عملدرآمد ہونا چاہئے۔ شہباز شریف سے چین کی توانائی کی کمپنیوں کے وفد نے بھی ملاقات کی ملاقات میں توانائی کے شعبہ میں سرماری کاری اور تعاوت پر بات چیت ہوئی۔
شہباز شریف