لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ‘ گولہ باری‘ دو اہلکاروں سمیت تین زخمی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن + آئی این پی) آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا بھرپر جواب دیا گیا۔ شدید فائرنگ کا واقعہ گزشتہ شام پیش آیا۔ جبکہ رات گئے تک بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ بھارتی فائرنگ سے ایک شہری اور دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں میں قیوم اور ناظم شامل ہیں۔ آئی این پی کے مطابق بھارتی فوج نے جمعرات کو مداد پور اور بٹل سیکٹر پر محاذ کھول دیا اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی اور بھاری ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال کیا۔ آن لائن کے مطابق بھارت کا جنگی جنون برقرار ہے اور رواں ہفتے ایل او سی پر جنگ بندی کی دوسری بار خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی افواج نے پاکستانی علاقے میں بلااشتعال فائرنگ کی جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔اے ایف پی کے مطابق بھارت نے الزام عائد کیا ہے بدھ کے روز پونچھ سیکٹر پر پاکستانی فائرنگ سے زخمی ہونے والا بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔ بھارتی فوج کے ترجمان کرنل ایس ڈی گوسوامی نے کہا پاکستانی فوجیوں نے سرینگر کے جنوب مغرب میں 200 کلو میٹر دور لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کر کے بھارتی پوزیشنز کو نشانہ بنایا تھا۔
بھارتی فائرنگ