سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی مسافروں کیلئے ٹیکسوں میں اضافہ کردیا
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی مسافروں کے لئے مختلف ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق اگست سے اضافہ شدہ ٹیکس نافذ العمل ہوں گے۔ نئے ٹیرف کے تحت فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس کے بین الاقوامی مسافروں سے تین ہزار روپے اکانومی کلاس کے مسافروں سے ڈیڑھ ہزار اور اندرون ملک سفر کرنے والوں سے پانچ سو روپے وصول کئے جائیں گے اس کے علاوہ ہر مسافر سے 20 روپے ائرپورٹ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ نئے ٹیرف کے نافذ ہونے کے بعد بین الاقوامی مسافروں سے ایک ہزار روپے سکیورٹی ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ ملتان کے انٹرنیشنل ائرپورٹ سے اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں سے دو ہزار روپے سکیورٹی ٹیکس وصول کئے جائیں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی کمپنیوں کے لینڈنگ چارجز میں بھی 25 فی صد اضافہ کر دیا ہے۔ یہ اضافہ بین الاقوامی فضائی کمپنیوں سے اس سال موسم سرما سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ اور بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے وصول کیا جائے گا۔