مقبوضہ کشمیر: گرنیڈ حملے میں ہلاک بھارتی فوجیوں کی تعداد 4 ہو گئی‘ تحریک المجاہدین نے ذمہ داری قبول کر لی
سری نگر (اے این این) مقبوضہ کشمیر میں سی آر پی ایف کی گشتی پارٹی پر حملے اورگرنیڈ دھماکے میں ہلاک بھارتی اہلکاروں کی تعداد 4 ہوگئی جبکہ 8 زخمی ہیں۔ جن میں ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مجاہدین کے ایک گروپ نے کے پی روڈ پر تعینات سی آر پی ایف اہلکاروں پرگرینیڈ داغاجو ایک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ حملے میں 4اہلکار ہلاک اور 8 افراد زخمی ہوگئے جن کو فوری طور ضلع ہسپتال جنگلات منڈی اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ دریں اثنا تحریک المجاہدین نے سی آر پی ایف پارٹی پرحملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ دوسری جانب ضلع کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق مجاہدین نے فوجی دستوں کی چوکیوں کو نشانہ بناکر فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا جس کے بعد بھارتی فوجیوں نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ اس دوران سرینگر میں تعینات دفاعی ترجمان کے ایک بیان کے مطابق فوج نے کپواڑہ کے مغل پورہ جنگل میں گزشتہ روز ایک تلاشی کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا۔ حریت کانفرنس (ع) نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر سختی سے قائم ہیں اور جو لوگ گذشتہ ایک عشرے سے زائد عرصہ سے بلواسطہ اور بلا واسطہ حریت کو بے جا تنقید کا ہدف بنانے کے عمل میں مصروف ہیں ان کو خبر دار کیا گیا کہ وہ کشمیر یوں کی سیاسی یکجہتی کے مفاد میں منفی سیاست کاری کے رویوں کو ترک کریں تاکہ کشمیر میں جنون آمیز فرقہ پرستانہ سیاست کاری سے موثر طور پر نمٹا جاسکے۔ حریت کی ایگزیکٹو کونسل، جنرل کونسل اور ورکنگ کمیٹی کا ایک غیر معمولی مشترکہ اجلاس چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی صدارت میں منعقد ہوا۔ شبیر شاہ نے اپنے اس موقف کو ایک بار پھر دہرایا ہے کہ تنازعہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور ہم اس کے حل کے لئے اپنی آخری سانس تک محو جدوجہد رہیںگے۔دریں اثناء حریت رہنما علی گیلانی نے کشمیریوں سے کہا ہے کہ وہ بھارت کی سازش کاشکار نہ ہوں جو ان کی جاری جدوجہد آزادی کوکمزور کرنے کیلئے انہیں خریدنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کو جان لینا چاہیے کہ اگر وہ کشمیرمیں سونے کی سڑکیں بھی تعمیر کریگا تو بھی لوگ اسکا تسلط تسلیم نہیں کریں گے کیونکہ کشمیری کوئی بکائو مال نہیں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت اور اسکے آلہ کاروں کی کسی بھی مسلم مخالف سرگرمی کا ہر ممکن مخالفت کی جائیگی۔