پنجگور میں آپریشن‘ کالعدم تنظیم کا کمانڈر ساتھی سمیت ہلاک‘ کشمور: 42 فراریوں نے ہتھیار ڈال دیئے
کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) فرنٹیرکور بلوچستان نے وڈھ اور پنجگور میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا جبکہ 11 کو گرفتار کر لیا۔ سرچ آپریشن شروع کیا تو مسلح افراد نے فائرنگ شروع کر دی ایف سی کی جوابی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم لشکر بلوچستان کے اہم کمانڈر عبدالرحمن دین زئی اور اس کا ساتھی ہلاک ہو گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 4 کلاشکوفیں بمعہ رائونڈ قبضے میں لے لیں۔ دریں اثناء پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے یوسی پروم کے وائس چیئرمین سرفراز کو ہلاک کر دیا۔ جمرود میں فورسز اور انتظامیہ نے کارروائی کر کے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار دہشتگردوں میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر ابابیل بھی شامل ہے۔ کشمور چھائونی میں 42 فراریوں نے ہتھیار ڈال دئیے۔ ہتھیار پھینکنے والے فراریوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔