مقبوضہ کشمیر : پاکستانی پرچم پھر لہرا دیا گیا‘ یعقوب میمن کو پھانسی کیخلاف مظاہرے
سرینگر (اے این این + صباح نیوز + آن لائن) بھارت تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت کم نہ کر سکا، ریاستی دارالحکومت سرینگر میں نوجوانوں نے ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم لہرا دیا اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی۔ نماز جمعہ کے بعد بھارت مخالف مظاہرے کیے گئے ۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ نوجوانوں نے دولت اسلامیہ (داعش) کے جھنڈے بھی لہرائے۔ دوسری جانب یعقوب میمن کی پھانسی کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے ¾ مظاہرین اور پولیس کے درمیان پُرتشدد جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ¾ متعدد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ادھر احتجاجی دھرنے میں شریک ممبر اسمبلی انجینئر رشید کو درجنوں کارکنوں کے ہمراہ گرفتار کر لیا گیا جبکہ راجوڑی میں بلاوجہ فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلانے والے بھارتی فوجی کو حراست میں لے لیا گیا۔ یعقوب میمن کی پھانسی کی خبر سُنتے ہی ہزاروں کی تعداد میں کشمیری عوام گھروں سے باہر نکل آئے اور مین چوک اور قاضی گنڈ اڈے میںگاڑیوں اور دکانوں پر پتھراﺅ کیا۔ پولیس اور مظاہرین میں پُرتشدد جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے جبکہ متعدد کو حراست میں لے لیا گیا۔ دوسری جانب عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی انجینئر رشید کو پولیس نے اس وقت درجنوں کارکنوں کے ہمراہ گرفتار کیا جب وہ یعقوب میمن کی پھانسی کے خلاف دھرنے پر تھے۔ اپنے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اور بینر لئے احتجاج میں شامل شرکا نے بھارت اور بھارتی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی اس موقع پر مظاہرین ”گلی گلی میں شور ہے دہلی آدم خور ہے“ ۔ ”کشمیر کے قاتلوں کو سزا دو“ جیسے نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر انجینئر رشید نے کہاکہ دنیا بھر میں سزائے موت کو ختم کیا جانا چاہئے۔ ادھر سرینگر میں وکلا نے بھی یعقوب میمن کی پھانسی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اس عمل کو جمہوریت کا قتل قرار دیا گیا۔ پلوامہ میں بھی پھانسی کے خلاف احتجاج درج کیا گیا۔ ادھر راجوڑی میں بلاوجہ فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلانے والے بھارتی فوجی کو پابند سلاسل کر دیا گیا۔ لاپتہ افراد کے والدین کے تنظیم اے پی ڈی پی نے سرینگر میں خاموش احتجاجی دھرنا دیا۔ چیئرمین حریت کانفرنس علی گیلانی اپنے گھر میں بدستور نظر بند ہیں‘ مسلسل 15ویں بار نماز جمعہ پڑھنے سے محروم کر دیا گیا۔ دریں اثناءبھارتی فورسز نے ایل او سی پر فائرنگ کی‘ کوئی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب گرفتاریوں اور افسپا قانون کیخلاف مظاہرے کئے گئے۔ اس دوران حریت ترجمان شاہد الاسلام سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔بھارت کے انڈر ورلڈ ڈان داﺅد ابراہیم کے ساتھی چھوٹا شکیل (شکیل بابو میاں شیخ )نے یعقوب میمن کو پھانسی کی سزا دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت کو سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہاہے کہ یعقوب میمن کو دھوکے سے بلا کر عدالتی قتل کیاگیا ¾اب بھارت کےساتھ جو ہوگا دنیا دیکھے گی ،بھارتی ایجنسیاں دھوکے بازنکلی ہیں ،یعقوب میمن نے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے گرفتاری دی تھی ¾آئندہ کوئی بھی بھارتی حکومت اور ایجنسیوں پر اعتبار نہیں کرے گا ¾مستقبل میں کوئی بھی بھارتی حکومت کے چاکلیٹ کھانے کو تیار نہیں ہوگا ،یعقوب کے تمام ثبوت بالائے طاق رکھ کر سزا دی گئی ¾یعقوب میمن کا داﺅد ابراہیم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ایک بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق انڈر ورلڈ ڈان چھوٹا شکیل نے بھارت کو1993ءکے ممبئی بم دھماکوں کے بعد پہلی بار یعقوب میمن کو بے گناہ پھانسی دینے پر دھمکی دیتے ہوئے کہاہے کہ یعقوب میمن کی پھانسی عدالتی قتل ہے جس کے بھارت کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے ۔انہوں نے بھارتی حکومت کو ہدف تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یعقوب میمن سے بھارتی حکومت نے جھوٹے وعدے کرکے دھوکے سے بھارت بلاکرعدالتی قتل کیاگیا ۔بھارتی اخبار سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے چھوٹا شکیل نے کہاکہ یعقوب میمن کو پھانسی دینے کے بعد بھارت نے داﺅد ابراہیم اوراس کے دوسرے ساتھیوں سے نرمی برتنے کے وعدوں پر بھارت واپسی کے امکان کی خود ہی نفی کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ داﺅد بھائی اگر اُس وقت اسی طرح واپس آتے تو ان کو بھی پھانسی کی سزا دی جاتی ۔
مقبوضہ کشمیر
مقبوضہ کشمیر