• news

امن فوج کی قربانیوں کا ثمر ہے‘ کراچی میں صورتحال بہتر ہو گئی‘ رونقیں مستقل رہیں گی : پرویز رشید

کراچی + اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ کراچی کی رونقیں اب مستقل طور پر قائم رہیں گی۔ کاروبار عروج پر ہے۔ کراچی میں امن شہریوں کیلئے نیک شگون ہے۔ دہشتگردی کا خاتمہ نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، پُرامن کراچی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاک فوج کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ ملک میں امن ہے۔ ہماری درسگاہیں اور عبادت گاہیں بھی محفوظ ہوں گی، سب نے پاکستان کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی میں ایک معاہدہ ہوا تھا الزامات ثابت نہ ہونے پر واپس لئے جائیں گے الزامات ثابت ہوتے تو ہم حکومت چھوڑ دیتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے اختیارات سمیت تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔ ایم کیو ایم اور جے یو آئی (ف) کو تحریک انصاف کے خلاف تحاریک واپس لینے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے اتفاق کیا ہے کہ مجرم کا تعلق کسی جماعت سے ہو اس کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ افتخار چودھری سمیت تمام پاکستانیوں کو سیاسی جماعت بنانے کا حق ہے۔ ہماری نیک خواہشات افتخار چودھری کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمشن کا فیصلہ ہمارے خلاف آتا تو مسلم لیگ (ن) نے گھر جانا تھا۔ مسائل کو گفت و شنید سے حل کیا جائے۔
پرویز رشید

ای پیپر-دی نیشن