پٹرول 1.03 ‘ ہائی سپیڈ ڈیزل 2.06‘ مٹی کا تیل 4.83 روپے لٹر سستا
اسلام آباد (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نوازشریف کی منظوری کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ پٹرول کی قیمت میں 1روپیہ 3پیسے، ایچ او بی سی 1روپیہ 2پیسے، مٹی کا تیل 4روپے 83پیسے، لائٹ ڈیزل 4روپے 92پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2روپے 6پیسے فی لٹر کمی کا اعلان کیا گیا۔ پٹرول کی فی لٹر قیمت 76.76روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل 85.05روپے، مٹی کا تیل 60.11روپے کا ہو گیا۔ اس سے قبل اوگرا نے جمعرات کو پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اگست کے لئے تین سے 10فیصد کمی کی تجویز دی تھی۔ وزارت پٹرولیم اور خزانہ کو بھجوائی گئی سمری میں اوگرا کا کہنا تھا کہ جولائی میں تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سمری میں اوگرا نے پٹرول کے نرخوں میں 2.69روپے کی تجویز دی تھی۔ نئی قیمت 77.79روپے فی لٹر سے 75.10روپے فی لٹر کرنے کی تجویز تھی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5.48روپے (چھ فیصد) فی لٹر کمی کی تجویز دی تھی تاکہ اس کے نرخ 87.11 روپے فی لٹر سے 81.63روپے فی لٹر پر آ جائیں۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6.33روپے (دس فیصد) کمی کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔