• news

سربراہ تحریک انصاف سے ملاقات : عمران کو پرویز خٹک‘ جہانگیر ترین سمیت چار افراد کی پارٹی رکنیت ختم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے : جسٹس (ر) وجیہہ الدین

اسلام آباد (بی بی سی+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ پارٹی کے سربراہ عمران خان کو وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک، جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین اور دیگر دو افراد کو ا±ن کے عہدوں سے ہٹانے اور پارٹی کی رکنیت ختم کرنے کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کے بعد حامد خان کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ا±نہوں نے کہا کہ ان چار رہنماﺅں کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کے طریقہ کار طے کرنے کے لئے پارٹی کے چیئرمین سے مزید مشاورت کی جائے گی۔ واضح رہے کہ عمران خان نے پارٹی انتخابات کے دوران شکایات کے ازالے کے لئے جسٹس ریٹائرڈ وجہیہ الدین کی سربراہی میں ایک کمشن تشکیل دیا تھا۔کمشن نے اپنی سفارشات میں کہا تھا کہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین اور وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے پارٹی میں اپنے عہدے بچانے کے لئے قواعدو ضوابط کی خلاف ورزیاں کرنے کے ساتھ ساتھ ووٹ لینے کے لئے پیسوں کا استعمال بھی کیا ہے اس لیے ان سمیت چار افراد کو پارٹی کے عہدوں سے فارغ کردیا جائے تاہم کمشن کی ان سفارشات پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ جہانگیر ترین صنعت کار بھی ہیں اور ا±ن کا اپنا جہاز بھی ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے استعمال میں بھی رہتا ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کے ساتھ ہیں اور پارٹی میں قبضہ گروپ کے ساتھ نہیں ہیں۔ ملاقات میں پارٹی کے انتخابات کے حوالے سے ٹربیونل کی رپورٹ ، اوورسیز پاکستانیوں کے انتخابات، پارٹی کی اصلاحات سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، وجیہہ الدین نے کہا کہ پارٹی میں قبضہ گروپ کے ساتھ نہیں، عمران خان کے ساتھ ضرور کھڑے ہیں ، عمران خان سے مزید بات چیت کی ضرورت ہے ، اگلی ملاقات 2 اگست کو ہوگی۔ جسٹس (ر) وجیہہ الدین کا کہنا تھا کہ عمران سے ملاقات مثبت ماحول میں ہوئی اور انٹرپارٹی الیکشن جلد سے جلد کرانے سمیت بہت سارے معاملات پراتفاق رائے ہوگیا ہے، عمران خان نے اتفاق کیا ہے کہ پارٹی کے مختلف عہدوں کے لئے براہ راست الیکشن ہونے چاہئیں ، پارٹی کا الیکشن کمشن بھرپور طریقے سے کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں پی ٹی آئی کو سیاسی اور اندرونی طور پر نقصان پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی سے تعلقات خراب نہیں تھے، ہم نے شواہد کے مطابق فیصلے دئیے۔ انہوں نے کہا جہانگیر ترین کی رکنیت ختم ہونی چاہیے، جہانگیر ترین سے متعلق اپنی رپورٹ پر قائم ہوں۔ حامد خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قانونی معاملات کی سمجھ نہ رکھنے والوں سے مشورے لئے گئے، ہم سے کسی نے مشورہ نہیں لیا۔ این این آئی کے مطابق عمران خان نے ناراض رہنماﺅں کو منا لیا، جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین اور حامد خان سے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ پارٹی کے الیکشن باقاعدگی سے کرائے جائیں گے اور مختلف عہدوں کیلئے راہ راست الیکشن ہونے چاہئیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کو اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر حامد خان نے کہا کہ جوڈیشنل کمشن کے معاملے میں نااہل لوگوں سے مشاورت کی گئی ہم سے معاونت یا مشورہ نہیں لیا گیا۔
جسٹس وجیہہ

ای پیپر-دی نیشن