یوحنا آباد دھماکوں میں ملوث5 دہشت گرد گرفتار: خیبر ایجنسی میں 5 پکڑے گئے
لاہور +پشاور + چنیوٹ (نامہ نگار+نوائے وقت نیوز + این این آئی + نامہ نگار) یوحنا آباد چرچ دھماکوں میں ملوث 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 5 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حساس ادارے نے ایک کارروائی کے دوران یوحنا آباد چرچ دھماکوں میں ملوث 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں نے خودکش حملہ آوروں کی معاونت کی تھی۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، بارود اور ڈیٹونیٹر بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ حساس ادارے نے گرفتار دہشت گردوں کو لاہو رپولیس کے حوالے کردیا۔ ادھر خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے پانچ مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد سکیورٹی چیک پوسٹوں اور سرکاری تنصیبات پر حملوں سمیت کئی مقدموں میں مطلوب تھے۔گرفتار ہونے والوں میں خیبر ایجنسی کے ایک اہم ٹی ٹی پی کمانڈر ابابیل بھی شامل ہیں، جو علاقے میں سکیورٹی فورسز پر حملوں کے مقدمات میں مطلوب ہیں۔ نامہ نگار کے مطابق ضلع بھر کی پولیس نے پٹھان آبادی، چائنہ گارد کے اردگرد رہائشی آبادیاں و دیگر آبادیوں میں سرچ آپریشن کیا، اس دوران تھانہ سٹی پولیس نے 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ اسی طرح تھانہ صدر پولیس نے 16 مقامات پر، تھانہ رجوعہ پولیس نے 11 مقامات، تھانہ بھوآنہ پولیس نے 21 مقامات، تھانہ لنگرانہ پولیس نے 10 مقامات، چناب نگر پولیس نے 30 مقامات، لالیاں پولیس نے 5، کانڈیوال پولیس نے 15 اور تھانہ محمد والا پولیس نے 5 مقامات پر سر چ آپریشن کیا۔ دوران سرچ آپریشن تمام مقامات کے اندر سے تلاشی لی گئی اور رہائش پذیر افراد کی شناخت بذریعہ بائیو میٹرک ڈیوائس کی گئی۔علاہ ازیں پنجگور میں سرچ آپریشن کے دوران 7 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔