7خود کشیاں: لاہور میں خاتون، خانقاہ ڈوگراں میں 5 بچوں کے باپ نے زندگی ختم کرلی
لاہور (سٹاف رپورٹر +نامہ نگاران) مختلف وجوہات پرلاہور،خانقاہ ڈوگراں، سرگودھا، ڈسکہ، بورے والا اور چیچہ وطنی میں2 لڑکیوں ، 3 خواتین سمیت 7 افراد نے زندگی ختم کرلی۔ تھانہ ساندہ کے علاقہ میں 30 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر پھندا لے کر خود کشی کرلی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ قتل معلوم ہوتا ہے تاہم تفتیش مکمل ہونے کے بعد اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔ ساندہ کے علاقہ صداکت پارک کی روحی نے گھریلو جھگڑے سے تنگ آ کر مبینہ طور پر پھندا لے لیا۔ خانقاہ ڈوگراں میں بیوی کے گھر چھوڑنے کے رنج پر پانچ بچوں کے باپ نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کرلی۔ محلہ اسلام پورہ کے اکرم حکیم کی اہلیہ چند ماہ قبل گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی اور خاوند کے خلاف تنسیخ نکاح کا دعویٰ بھی دائر کر رکھا تھا جسکا متوفی کو شدید رنج تھا۔گزشتہ شب تنگ آکر اکرم نے زہریلی گولیاں کھالیں اسے ہسپتال پہنچایا گیا لیکن تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ ریفر کر دیا گیا مگر وہ راستے میں ہی دم دے گیا۔ مرحوم پانچ بچوں کا باپ تھا۔ سرگودھا کے نواحی گائوں 156 شمالی میں 45 سالہ سکینہ بی بی، موضع گروچک کی عابدہ بی بی نے زہریلی گولیاں کھا لیں۔چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں میں گھریلو جھگڑے پر لڑکی (ع) نے زہر کھا لیا۔ بورے والا میں محلہ اقبال لنگر کے بینائی سے متاثر 25 سالہ نوجوان عمران نے پھندا لے لیا عمران کے بارے میں یہ بتایا جاتا ہے اُس نے متعدد افراد سے اُدھار رقم لے رکھی تھی۔ تنگدستی کی وجہ سے وہ واپس نہ کر سکا۔ مجاہد کالونی کے فقیر حسین کی 18سالہ بیٹی سدرہ بتول نے والدین سے جھگڑے پر دلبرداشتہ ہو کر زہر کھا لیا۔