عامر خان لاہور پہنچ گئے، دسمبر میں فائونڈیشن کا اعلان کرنے کا عزم
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اپنی اہلیہ فریال مخدوم اور بیٹی کے ہمراہ مختصر دورے پر لاہور پہنچ گئے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ عامر خان آج اپنی فیملی کے ہمراہ داتا دربار حاضری دینگے۔ گذشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں سال دسمبر میں دوبارہ پاکستان آ کر اپنی عامر فاونڈیشن کا اعلان کروں گا جس کیلئے برطانیہ میں کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں سیاست کی وجہ سے کھیلیں ترقی نہیں کر رہی ہیں۔ پاکستانی ایتھلیٹس کو ملنے والی ٹریننگ اور غذا سے ورلڈ چیمپئن نہیں بنا جا سکتا۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ضرورت انہیں سہولیات مہیا کرنے کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلے امیچورز باکسرز کو انٹرنیشنل لیول کے مطابق لایا جائیگا تو وہ پروفیشنل باکسر کے طور پر دنیا میں لڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان دنیا کی سپورٹس کیلئے ایک محفوظ ملک ہے۔ عامر خان ایک بڑا نام ہونے کے باوجود یہاں بغیر کسی خوف کے رہ رہا ہے۔ میں پاکستان میں ان لوگوں کی مدد کرنا چاہتا ہوں جو غربت کی لیکر سے بھی نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ یہ کہنا غلط ہوگا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ نہیں ہے، یہاں سکواش کے کھیل میں جہانگیر خان اور جان شیر خان نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ کرکٹ میں شعیب ملک اور شاہد آفریدی بڑے نام ہیں جو اپنے ٹیلنٹ کی بنا پر پہاں تک پہنچے جبکہ فلاحی کاموں میں پاکستان کے عبدالستار ایدھی کا نام دنیا بھر میں سب سے زیادہ مشہور ہے۔