• news

لوڈ شیڈنگ جاری، حافظ آباد، مانگا منڈی میں لوگ سراپا احتجاج، لیسکو کے23 فیڈر ٹرپ کر گئے

لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) بارش اور خوشگوار موسم کے باعث بجلی کی طلب میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے تاہم لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ گذشتہ روز لاہور میں 6 گھنٹے سے زائد بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ بارش کی وجہ سے لیسکو کے 23 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی مگر رات گئے تک لیسکو کی ایمرجنسی ٹیموں نے 90 فیصد سے زائد متاثرہ فیڈرز بحال کر کے بجلی بحال کر دی۔ لیسکوحکام کے مطابق نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی جانب سے لیسکو کو 2950 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ 40 لاکھ سے زائد صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے لئے 4000 میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے۔ 1050 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کی وجہ سے لیسکو کو سرکاری شیڈول پر عمل درآمد کروانے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاوہ ازیں بجلی کی بندش کیخلاف حافظ آباد اور مانگا منڈی میں لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ مانگا منڈی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی بار بار بندش اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں اور تاجروں شدید احتجاج کیا ہے۔ شہر اور گرد و نواح میں لوڈشیڈنگ کے باعث لوگوں کا کاروبار متاثر ہوا ہے۔ رابطہ کرنے پر گرڈ سٹیشن پر موجود ایک ملازم کے مطابق بجلی کی لائن میں فالٹ کی وجہ سے بجلی بار بار ٹرپ ہو رہی ہے جبکہ آپریشن کے لائن سپرنٹنڈنٹ رانا قیصر سے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے بتایا کہ لائن میں کسی قسم کا کوئی فالٹ نہیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ گیپکو کی ڈیمانڈ 1670 میگاواٹ ہے مگر 1234 میگاواٹ بجلی مہیا کی جا رہی ہے جس وجہ سے 436 میگاواٹ کے شارٹ فال کی کمی کے پیش نظر شہری علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ دیہاتی علاقوںمیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اس سے بھی بڑھ چکا ہے۔ چک امرو سے نامہ نگار کے مطابق شکرگڑھ میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دگنا ہو گیا۔ ہر ایک گھنٹہ کے بعد دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے لوگ اذیت کا شکار ہو گئے۔ اٹھارہ ہزاری سے نامہ نگار کے مطابق اٹھارہ ہزاری اور اس کے نواحی علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کے باوجود بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی نہ آئی۔ عید کے بعد سے علاقے میں 12 گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق گڑھی اعوان میں بجلی کے ٹرانسفارمر کی خرابی پر علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے اور اصلاح احوال کا مطالبہ کیا۔ انارکلی بازار، گڑھی اعوان اور محلہ مظفر خان کے صارفین نے واپڈا کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ان کے علاقہ کا ٹرانسفارمر دو دن سے خراب پڑا ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں صارفین کو بجلی کی بندش کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے گیپکو چیف گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا کہ انارکلی بازار میں نیا ٹرانسفارمر نصب کرواکے بجلی کی سپلائی کو بحال کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن