• news

یعقوب میمن کو بھارتی عوام کا اجتماعی ضمیر مطمئن کرنے کیلئے پھانسی دی گئی: حافظ سعید

لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ افضل گورو کی طرح یعقوب میمن کو بھی بھارتی عوام کا اجتماعی ضمیر مطمئن کرنے کیلئے پھانسی دی گئی۔ ملا محمد عمر نے امریکہ اور نیٹو فورسز کو شکست دے کر مسلم اُمہ کا سر فخر سے بلند کر دیا، مسلم حکمران اسلام دشمن قوتوںسے دوستیاں نبھانے کی بجائے قرآن سے رہنمائی لیکر پالیسیاں ترتیب دیں۔ آج یکم اگست سے ملک گیر احیائے نظریہ پاکستان مہم شروع کریں گے، چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں جلسوں، ریلیوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ بھارت سے یکطرفہ دوستی کی خاطرکشمیریوں کا اعتماد مجروح کرنا افسوسناک ہے۔ جامع مسجد القادسیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں ممبئی حملوں کے مبینہ ملزم یعقوب میمن کو صرف مسلمان ہونے کی بنیاد پر پھانسی دی گئی۔ ان کی پھانسی کے خلاف پورے بھارت میں آوازیں بلند ہو رہی تھیں اور بھارتی عدلیہ کے جج بھی یہ فیصلہ سنانے کیلئے تیار نہیں تھے لیکن جس طرح افضل گورو کو پھانسی کی سزا سناتے وقت ججوںنے لکھا تھا کہ قانون کی رو سے پھانسی کی سزا نہیں بنتی لیکن بھارتی عوام کا اجتماعی ضمیر مطمئن کرنے کیلئے ہم یہ سزا سنانے پر مجبور ہیں۔ اسی طرح یعقوب میمن کی پھانسی کی سزا کے حوالہ سے بھی یہی صورتحال دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر آئے دن فائرنگ کرنا بھارتی فوج کا وطیرہ بن چکا ہے۔ عیدالفطر پر بھی رہائشی علاقوں پر فائرنگ کی وجہ سے پاکستانی رینجرز نے احتجاجاً بھارتی فوج کی پیش کردہ مٹھائی واپس کر دی مگر وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے نریندر مودی کو آموں کی ٹوکریاں تحفے کے طور پر بھجوا دی گئیں۔ اس سے مظلوم کشمیریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن