پاکستان کا جذبہ خیرسگالی، آج 163 بھارتی ماہی گیر رہا کر دئیے جائیں گے
کراچی (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف کے حکم اور اوفا میں پاکستان بھارت وزراء اعظم کی ملاقات میں طے پانے والے امور کے تحت پاکستان جذبہ خیر سگالی کے طور پر 163 بھارتی ماہی گیروں کو آج اتوار کو کراچی کی لانڈھی جیل سے رہا کر دے گا۔ جیل حکام کے مطابق رہائی پانیوالے بھارتی ماہی گیروں میں 13 مسلمان بھی شامل ہیں، بھارتی ماہی گیر 8 ماہ سے جیل میں قید تھے جبکہ مجموعی طور پر اس وقت لانڈھی جیل میں 360 بھارتی ماہی گیر موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان بھارتی ماہی گیروں کو رہائی کے بعد ٹرین کے ذریعے لاہور روانہ کیا جائے گا جہاں پر کل پیر کو ان ماہی گیروں کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔