کانگرسی کارکنوں کا پاکستانی ہائی کمشن کے سامنے مظاہرہ، خطرناک نتائج کی دھمکیاں
نئی دہلی (اے این این) بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگرس نے سیاست چمکانے کیلئے ’’پاکستان کارڈ‘‘ کھیلنا شروع کردیا ہے۔ نئی دہلی میں کانگرسی کارکنوں نے پاکستانی ہائی کمشن کے باہر گورداس پور حملے پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور پاکستان کو خطرناک نتائج بھگتنے کی گیدڑ بھبکیاں دیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کانگرس کے 500 سے زائد کارکن نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کے باہر جمع ہوئے اور گورداس پور حملے، سرحد پار جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں پر احتجاج کیا۔ انہوں نے بھارت کے سابق صدر عبدالکلام سے متعلق پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے بیان پر بھی احتجاج کیا۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے ڈاکٹر قدیر کے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ اگر پاکستان اپنا طرزعمل نہیں بدلتا تو اسے 1999ء میں کرگل جیسے نتائج کا سامنا کرنا پڑیگا۔ پولیس نے بعض مظاہرین کو حراست میں لیا گیا جنہیں بعد ازاں چھوڑ دیا گیا۔