• news

حیسکو نے مالی بے ضابطگیوں پر تین ایکسین آپریشنز عہدوں سے برطرف کردئیے

اسلام آباد (صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) چیف ایگزیکٹیو آفیسر حیسکونے پونے بائیس کروڑ روپے سے زائد کے جعلی بلز دینے پر تین ایکسین آپریشنز کو عہدوں سے برطرف کر دیا۔ اس بارے باضابطہ طور پر سرکاری اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ ایکسین آپریشن لطیف آباد طارق بجارانی نوابشاہ کے اشوک کمار اور کوٹری کے امتیاز احمد قریشی شامل ہیں تینوں ایکسینز کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں میں ملوث پائے گئے۔ ان الزامات کی تحقیقات کے لیے رواں برس میں سیکریٹری پانی و بجلی کی صدارت میں اہم اجلاس بھی ہوا تھا اور اس موقع پر متذکرہ تینوں ایکسینز معطل کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی تھی برطرف ایکسین طارق بجارانی پر الزام ہے کہ انہوں نے جنوری 2015 میں 7 کروڑ 72 لاکھ 50 ہزار کی غلط ایڈجسٹمنٹ کی۔ ایکسین کوٹری امتیاز احمد قریشی پر الزام ہے کہ انہوں نے بھی جنوری 2015 میں 4 کروڑ 63 لاکھ روپے کے غلط اندراج کئے۔ اشوک کمار برطرف ایکسین نوابشاہ پر الزام ہے کہ انہوں نے 9 کروڑ 36 لاکھ 30 ہزار روپے کے غلط بلز دئیے۔ سرکاری بیان کے مطابق تینوں واپڈا افسران کو وضاحت پیش کرنے کا پورا موقع دیا گیا۔ شوکاز نوٹس جاری کئے گئے لیکن وہ حیسکو کے سربراہ کو مطمئن نہیں کر سکے۔

ای پیپر-دی نیشن